اصحاب احمد (جلد 1) — Page 105
104 کر گیا کہ یکدفعہ الہام ہو ا مبارک وہ آدمی جو اس دروازہ کے راہ سے داخل ہو۔یہ اس بات کی طرف اشارہ ہے کہ عزیزی ایوب بیگ کی موت نہایت نیک طور پر ہوئی ہے اور خوش نصیب وہ ہے جس کی ایسی موت ہو۔ایک دفعہ عزیز مرحوم کی زندگی میں بکثرت اس کی شفاء کے لئے دعا کی تب خواب میں دیکھا کہ ایک سڑک ہے گویا وہ چاند کے ٹکڑے اکٹھے کر کے بنائی گئی ہے اور ایک شخص ایوب بیگ کو اس سڑک پر سے لے جارہا ہے اور وہ سڑک آسمان کی طرف جاتی ہے اور نہایت خوش اور چمکیلی ہے گویا زمین پر چاند بچھایا گیا ہے۔میں نے یہ خواب اپنی جماعت میں بیان کی اور تکلف کے طور پر یہ سمجھا کہ یہ صحت کی طرف اشارہ ہے۔لیکن دل نہیں مانتا تھا کہ اس خواب کی تعبیر صحت ہو۔سواب اس خواب کی تعبیر ظہور میں آئی۔إِنَّا لِلَّهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ میری طرف سے اپنے والد صاحب کو بھی تعزیت کا پیغام پہنچادیں۔خدا نے جو چاہا ہو گیا، اب صبر رضا در کار ہے۔رَبِّ اغْفِرْ وَارْحَمُ وَأَنتَ خَيْرُ دو الرَّاحِمِين - والسلام وہ عزیز اس تمام جماعت کا پیارا تھا اور ہر ایک کی محبت اس کے دل میں تھی۔اس مرحوم متقی نوجوان کا آپ سب صاحبوں کو آخری سلام پہنچے۔اس عزیز نے عمر تھوڑی پائی مگر اس کی صلاحیت اور تقویٰ کا لمبا قصہ ہے۔اور میں چاہتا ہوں کہ اس کو ایک کتاب کی صورت میں آپ صاحبان کی خدمت میں پیش کروں۔اس کی زندگی اور موت تو نمونہ تھی ہی۔اس کی وفات کے بعد کے حالات بھی عجیب ہیں، جو کہ کئی متقی اور صالح لوگوں نے کثرت سے اس کو اولیاء اللہ و انبیاء کی مجلس میں اور رسول اللہ صل اللہ علیہ وسلم کی مصاحبت میں جنت کے نعماء کھاتے اور خوش و خرم پھرتے عالم رویا میں دیکھا ہے۔شاید کہ اس نوجوان کی پاک مثال سے کوئی دل متاثر ہو جاوے۔اور اس نور کے چشمہ کی طرف ہمہ تن رجوع کرے جو اس آخری زمانہ میں رسول اللہ صلے اللہ علیہ وسلم کے حوض کوثر سے نکلا ہے تا کہ اس کا ایک گھونٹ اندر کے خفیہ درخفیہ معاصی کی آگ بجھانے کا کام دئے اور ایمان کا پودہ اس سے نشو و نما پا جاوے اور یہ اس کی نجات کا موجب ہو جاوے۔۔فقط والسلام خاکسار مرزا یعقوب بیگ بی۔اے۔ایل۔ایم۔ایس اسسٹنٹ