اصحاب احمد (جلد 11)

by Other Authors

Page 268 of 407

اصحاب احمد (جلد 11) — Page 268

268 ہے۔اور اور یہی ستیہ مورتی صاحب کہہ چکے ہیں کہ برطانیہ اپنے تمام نقائص کے باوجود ایک مہذب قوم ہے۔گاندھی جی ، کانگریس اور میں بھی اور دوسرے لوگ بھی انگلستان کی فتح کے خواہاں ہیں۔ہٹلریت کو شکست دینا ضروری ہے۔اگر برطانیہ کو فتح نہ ہوئی تو ہندوستان دیگر ممالک کا غلام ہو جائے گا۔شنکر راؤ دیو صاحب بیان کرتے ہیں کہ کانگریس چاہتی ہے کہ انگلستان کی فتح ہو۔اور ہم سب اس کی کامیابی کے لئے دعا کرتے ہیں۔سردار ولبہ بھائی پٹیل کہتے ہیں کہ تمام ہندوستانی لیڈروں کی ہمدردیاں برطانیہ اور فرانس کے ساتھ ہیں۔ان کے نزدیک نازیت دنیا کی تباہی کا موجب ہوگی۔آپ نے مزید فرمایا کہ پھر یہ کیوں کہا جاتا ہے کہ مساعی جنگ میں برطانیہ کی پوری مدد نہ کی جائے۔کیا اس کا سبب عدم تشدد کا اصول ہے ؟ میں بھی عدم تشدد کا قائل ہوں۔لیکن اس وقت تک جب تک وہ مجھے اپنی دشمنی اور تشدد کا شکار نہ بنائے۔موجودہ خطرہ میں مقابلہ نہ کرنے اور دائیں رخسار پر تھپڑ کھانے کے بعد بایاں رخسار پیش کر دینے سے فائدہ نہ ہوگا۔لیکن مسٹر منشی نے یقین دلایا ہے کہ یہ جنگ عدم تشدد کے خلاف ہے۔اگر ہندوستان کو آزادی دی جائے تو اختلاف رکھنے والے بھی جنگ میں برطانیہ کی پوری مدد کریں گے۔گویا عدم تشدد کا اصول جنگ میں امداد دینے کی راہ میں حائل نہیں۔فرمایا اب دیکھنا ہے کہ وہ کیا اسباب ہیں جن کی بناء پر دہشت کی عریاں قوتوں کا مقابلہ کرنے کے لئے امداد دینے سے ہاتھ روکا جاتا ہے۔برطانیہ پر جو بھی الزامات عائد کئے جاتے ہیں وہ درست ہوں تب بھی غیر متعلق ہیں۔اگر ہماری عدم امداد سے برطانیہ کو شکست ہو جائے اور اس کا وجو دہی نہ رہے تو عبرت کون حاصل کرے گا۔اور اگر ہندوستان ہی باقی نہ رہے تو فائدہ کون اٹھائے گا۔لارڈ کلاٹو کی جعلسازی اور راجہ بنارس اور بیگمات اودھ کا وارن ہیسٹنگز کی طرف سے لوٹا جانا سامنے رکھنا غیر متعلق ہے۔برطانیہ اپنا اسلحہ بہت سال تک کم کرتا رہا۔یہاں تک کہ اس کا تحفظ خطرہ میں پڑ گیا تب موجودہ وزیر اعظم پانچ سال تک شب و روز دفاع کے لئے موزوں انتظامات کرنے کی اپیل کرتے رہے لیکن کوئی توجہ دی گئی۔اب توجہ دی گئی جبکہ ایک استعمار پرست طاقت نے کمزور ہمسایوں کو دبانا شروع کیا۔اور اب برطانیہ اس طاقت ( جرمن ) کا خاتمہ کرنا چاہتا ہے۔کیا برطانیہ کا یہ طریق کار استعمار پرستانہ ہے، اور وہ امریکہ ، ڈنمارک وغیرہ پر قابض ہونا چاہتا ہے۔ہرگز نہیں۔