اصحاب احمد (جلد 11)

by Other Authors

Page 148 of 407

اصحاب احمد (جلد 11) — Page 148

148 ہوگئی اور جب آپ سفر کے لئے تیار ہوئے تو اندھیرا ہو گیا تھا۔بارش ابھی تھی نہیں تھی ہوا تیز تھی۔سردی کا موسم تھارات کے اندھیرے میں کوئی اکے والا روانہ ہونے پر آمادہ نہیں ہوتا تھا۔والد صاحب کو فکر تھی کہ گو فجر کے بعد روانہ ہو کر بھی عدالت کا کام شروع ہونے تک سیالکوٹ پہنچ سکیں گے۔لیکن جب تک سیالکوٹ پہنچ نہ جائیں موکلوں کو پریشانی رہے گی۔چنانچہ عشاء کے بعد بارش سردی اور تیز ہوا کا مقابلہ کرتے ہوئے آپ پیدل روانہ ہو گئے اور تمام رات اندھیرے میں گرتے پڑتے ہوئے سولہ میل کا سفر طے کر کے فجر کے وقت کیچڑ میں لت پت سیالکوٹ پہنچ گئے۔”ہمارے ایک بھائی عزیزم شکر اللہ خاں صاحب مرحوم چھوٹے عزیزم چوہدری عبداللہ خاں صاحب ( مرحوم ) سے بڑے تھے جن کا نام حمید اللہ خاں تھا۔وہ آٹھ نو سال کی عمر میں چند دن بیمار رہ کر فوت ہو گئے۔ان کی وفات فجر کے وقت ہوئی۔والد صاحب تمام رات ان کی تیمار داری میں مصروف رہے تھے۔ان کی وفات کے بعد ان کی تجہیز و تکفین ، جنازہ اور دفن سے فارغ ہو کر عدالت کھلنے پر حسب دستور عدالت میں اپنے کام پر حاضر ہو گئے۔نہ موکلوں میں سے کسی کو احساس ہوا، اور نہ افسران عدالت یا آپ کے ہم پیشہ اصحاب میں سے کسی کو اطلاع ہوئی کہ آپ اپنے لختِ جگر کو سپردخاک کر کے اپنے مولا کی رضا پر راضی اور شا کر اپنے فرض کی ادائیگی کے لئے حسب معمول کمر بستہ حاضر ہو گئے ہیں۔دن کے دوران میں آپ کے ایک ہم پیشہ دوست نے جو آپ کے دفتر کے کمرہ کے شریک بھی تھے۔سرسری طور پر دریافت کیا۔حمید اللہ خاں کا آج کیا حال ہے؟ تو آپ نے جواب دیا۔حمید اللہ خاں کا اپنے رب کی جناب میں بہت اچھا حال ہے ، اب کوئی تکلیف نہیں۔اس پر انہوں نے بہت حیرت کا اظہار کیا۔اور شکایت کی کہ آپ نے اطلاع کیوں نہ دی تا ہم لوگ تجہیز و تکفین میں ہاتھ بٹا سکتے اور جنازے میں شریک ہو سکتے۔اور پھر آج کچہری آنے کی کیا پابندی تھی۔آپ مجھے کہلا بھیجتے میں آپ کی جگہ تمام کام نپٹا دیتا۔آپ نے جواب میں ان کا شکر یہ ادا کیا اور کہا کہ اطلاع تو اس لئے نہیں دی کہ کام کا دن تھا۔آپ کو بے وقت پریشانی ہوتی۔کچھ دوست آگئے تھے اور تمام کام سرانجام پا گیا۔اور کچہری اس لئے آ گیا ہوں کہ موکلوں کو اپنے کام کی فکر ہوگی۔اور میری ذمہ داری میں میرے ذاتی صدمہ کی وجہ سے کوئی تخفیف نہیں ہوئی۔بایں ہمہ آپ کو وکالت کے پیشے کے متعلق اطمینان نہیں تھا۔چنانچہ ۱۹۰۵ء میں جب آپ ستمبر