اصحاب احمد (جلد 10) — Page xxi
xii بسم الله الرحمن الرحیم محمدہ ونصلی علی رسولہ الکریم وعلى عبده امسیح الموعود مکرمی و محترمی ملک صلاح الدین صاحب ایم۔اے ! السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ:- اصحاب احمد کی جلد نہم جس میں حضرت بھائی عبدالرحمن صاحب قادیانی مرحوم کے حالات اور مشاہدات اور روایات درج ہیں۔آپ کی طرف سے موصول ہوئی۔جزاکم اللہ خیرا۔میں نے اس کا کافی حصہ پڑھ لیا ہے۔اللہ تعالیٰ آپ کو جزائے خیر دے اور حضرت بھائی صاحب کے درجات کو بلند فرمائے۔یہ کتاب خدا کے فضل سے نہایت دلچسپ اور نہات ایمان افروز ہے۔بعض مقامات پر تو میں نے یوں محسوس کیا کہ گویا میں اس کو پڑھتے ہوئے حضرت مسیح موعود کی مجلس میں پہنچ گیا ہوں۔کئی واقعات ایسے نظر سے گذرے جو میرے چشم دید اور گوش شنید تھے لیکن میں انہیں بھول گیا تھا۔یا میری یاد مدھم پڑ گئی تھی۔اس کتاب کو پڑھنے سے بہت سی دلکش اور روح پرور یادیں تازہ ہو گئیں۔حضرت بھائی صاحب کو حضرت مسیح موعود کی قریب ترین صحبت میں رہنے کا لمبا عرصہ ملا تھا۔انہوں نے ہر واقعہ کو غور سے دیکھا۔اور ہر بات کوغور سے سنا اور اسے اپنے ذہن میں محفوظ رکھا۔اور پھر نہایت دلکش رنگ میں اسے بیان کیا۔فجزاہ اللہ احسن الجزاء۔اس جگہ اس بات کے بیان کرنے میں حرج نہیں کہ اصحاب احمد کی تین جلد میں مجھے خاص طور پر بہت پسند آئی ہیں۔ایک وہ جلد جو حضرت نواب محمد علی خاں صاحب کے مشاہدات اور روایات پر مشتمل ہے اور دوسری وہ جلد جو حضرت منشی ظفر احمد صاحب کے مشاہدات اور روایات پر مشتمل ہے اور تیسری یہ جلد جو حضرت بھائی عبدالرحمان صاحب قادیانی کے مشاہدات اور روایات پر پر مشتمل ہے۔میں جماعت کے دوستوں اور خصوصاً نو جوان عزیزوں کو تحریک کرتا ہوں کہ وہ اصحاب احمد کی جملہ جلدیں خرید کر ان کا مطالعہ کریں اور اپنے ایمانوں کو تازہ کریں۔اور خصوصیت سے مذکورہ بالا تین جلدوں کا تو ضرور مطالعہ کریں۔اس سے انشاء اللہ ان کو ایک نئی روشنی حاصل ہوگی۔فقط۔والسلام خاکسار مرزا بشیر احمد ۱۲۷۶۱