ارضِ بلال

by Other Authors

Page 187 of 336

ارضِ بلال — Page 187

ارض بلال۔میری یادیں کے باہر بیٹھا ہوا ہے۔میں نے جب غور سے دیکھا تو یہ وہی نوجوان تھا جس نے رات کو جماعت کے جلسے میں بدزبانی کی تھی۔میں نے اس سے علیک سلیک کے بعد اس کی اس طرح صبح سویرے آمد کا سبب دریافت کیا۔اس دوران اس نے بھی مجھے پہچان لیا۔اس لئے اب وہ سخت شرمندہ نظر آرہا تھا۔اس نے جواب میں بتایا کہ رات کو میری بیٹی کی طبیعت سخت خراب ہو گئی تھی جس کی وجہ سے ہم سب اہل خانہ نے ساری رات بڑی تکلیف اور بے چینی میں گزاری ہے اس لئے علی الصبح میں اس کو علاج کے لئے آپ کے پاس لے کر آیا ہوں۔میں نے اندر جاکر ڈاکٹر صاحب کو اسکے بارہ میں بتایا۔ابھی کلینک کے کھلنے کا وقت نہ ہوا تھا۔اللہ تعالیٰ ڈاکٹر صاحب کو جزائے خیر سے نوازے انہوں نے قبل از وقت کلینک کھولا اور بڑی خوش دلی کے ساتھ اس کی مریضہ بیٹی کو چیک کیا اور کسی طرح بھی اپنی بات چیت، کسی حرکت، اشاره و کنایہ یا انداز سے اس کو اسکی گزشتہ رات والی غلطی اور زیادتی کا احساس تک نہ ہونے دیا۔مریضہ کو چیک کرنے کے بعد اسے دوائی دے دی۔چونکہ وہ نوجوان جرمنی سے آیا تھا اور اس کی مالی حالت خاصی بہتر تھی اس نے دوائی کی قیمت ادا کرنے کی کوشش کی۔مگر ڈاکٹر صاحب نے پیسے لینے سے انکار کر کے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی پاک جماعت کے اخلاق حسنہ اور جماعت کے ماٹو ” محبت سب کے لئے نفرت کسی سے نہیں کی ایک پاکیزہ اور درخشاں مثال پیش کر دی۔فجزاہ اللہ احسن الجزاء - ادھر اس نوجوان کی حالت قابل دید تھی اور وہ اپنے رات کے رویہ پر سخت نادم تھا اور کہنے لگا واقعی میں نے غلطی کی تھی جس کی خدا تعالیٰ نے مجھے سزا دی ہے۔جس پر وہ بار بار معافی مانگ رہا تھا۔اللہ تعالیٰ اس پر رحم فرمائے اور اس کی غلطی معاف فرمائے۔آمین۔اس طرح BASSE جماعت کے احمدی بھائیوں نے ایک ہی رات میں تائید الہی کے دو عجیب وغریب واقعات اپنی آنکھوں سے مشاہدہ کئے۔187