ذکر حبیب

by Other Authors

Page 89 of 381

ذکر حبیب — Page 89

89 استقامت بغیر ایسے صاحب کشش کی موجودگی کے پیدا نہیں ہو سکتی اور نہ اس کے سوائے قوم بنتی ہے۔یہی کشش ہے جو کہ دلوں میں قبولیت ڈالتی ہے۔اس کے بغیر ایک غلام اور نوکر بھی اپنے آقا کی خاطر خواہ فرمانبرداری نہیں کر سکتا اور اسی کے نہ ہونے کی وجہ سے نوکر اور غلام جن پر بڑے انعام و اکرام بھی کئے گئے ہوں آخر کا ر نمک حرام نکل جاتے ہیں۔بادشاہوں کی ایک کثیر تعداد ایسے غلاموں کے ہاتھ سے قتل ہوتی رہی لیکن کیا کوئی ایسی نظیر انبیاء میں دکھا سکتا ہے کہ کوئی نبی اپنے کسی غلام یا مرید کے ہاتھوں سے قتل ہوا ہے۔مال اور زر اور کوئی اور ذریعہ دل کو اس طرح سے قابو نہیں کر سکتا جس طرح سے یہ کشش قابو کرتی ہے۔آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پاس وہ کیا بات تھی کہ جس کے ہونے سے صحابہ نے اِس قدر صدق دکھایا اور اُنہوں نے نہ صرف بُت پرستی اور مخلوق پرستی سے ہی منہ موڑا بلکہ در حقیقت اُن کے اندر سے دُنیا کی طلب ہی مسلوب ہو گئی اور وہ خدا کو دیکھنے لگ گئے۔وہ نہایت سرگرمی سے خُدا کی راہ میں ایسے فدا تھے کہ گویا ہر ایک اُن میں سے ابراہیم تھا۔اُنہوں نے کامل اخلاص سے خُدا کا جلال ظاہر کرنے کے لئے وہ کام کئے جس کی نظیر بعد اس کے کبھی پیدا نہیں ہوئی اور خوشی سے دین کی راہ میں ذبح ہونا قبول کیا۔دُنیا اور مافیہا پر دین کو مقدم کر لینا بغیر کشش الہی کے پیدا نہیں ہو سکتا جن لوگوں میں یہ کشش نہیں ہوتی وہ ذرا سے ابتلاء سے تبدیل مذہب کر لیتے ہیں۔چکڑالوی لاہور میں ایک بزرگ بابا محمد چٹو نام ہوا کرتے تھے جو پہلے ایک جو شیلے وہابی ہونے کے سبب اور بعد میں چکڑالوی ہو جانے کے سبب مشہور آدمی تھے۔وہ اپنے زمانہ عقائد چکڑالویہ کے درمیان اپنے عقیدہ کے ایک عالم کو ساتھ لے کر بحث کرنے کے لئے قادیان آئے۔حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام نے انہیں ایک ہی بات کہی کہ آپ میری صداقت کے تو قائل نہیں لیکن دُنیا میں کسی نہ کسی کی صداقت کے تو آپ قائل ہوں گے۔مثلاً حضرت ابرا ہیم یا حضرت محمد مصطفے صلی اللہ علیہ وسلم یا اور کوئی نبی یا رسول جس کسی کے بھی آپ قائل ہوں جن دلائل سے آپ نے ان کو سچا مانا ہے وہ دلائل آپ میرے سامنے بیان کریں۔اُنہی کے ذریعہ سے میں آپ کو اپنی سچائی کا ثبوت دوں گا اور اس طرح بات مختصر ہو جائے گی۔بابا چٹو اور اس کے ساتھی مولوی اس امر کا کچھ جواب نہ دے سکے اور ٹال مٹول کرنے لگے۔اس واسطے گفتگو کا سلسلہ آگے نہ چل سکا۔