حقائق الفرقان۔۲۰۲۴ء ایڈیشن (جلد ۶)

by Hazrat Hakeem Noor-ud-Deen

Page 94 of 620

حقائق الفرقان۔۲۰۲۴ء ایڈیشن (جلد ۶) — Page 94

حقائق الفرقان ۹۴ سُورَةُ الدَّهْرِ میں سے کوئی نعمت چھن جاوے تو پتہ لگتا ہے کہ کیسی نعمت جاتی رہی۔ آنکھ بڑی نعمت ہے یا کان بڑی دولت ہے۔ ان عطیوں میں کوئی بیماری یا روگ لگ جاوے تو اس ذراسی نقصان کی اصلاح کے لئے کس قدر رو پیه وقت خرچ کرنا پڑتا ہے۔ مگر یہ صحیح سالم، عمدہ، بے عیب، بے روگ عطیہ اس مولیٰ کریم نے مفت بے مزد عنایت فرمائی ہیں۔ یوں نظر اٹھاتے ہیں تو وہ عجیب در عجیب تماشا ہائے قدرت دیکھتے ہوئے آسمان تک چلی جاتی ہے۔ ادھر نظر اٹھاتے ہیں تو خوش کن نظارے دیکھتی ہوئی افق سے پار جا نکلتی ہے۔ کان کہیں کہیں دلکش آوازیں سن رہے ہیں کہیں معارف و حقائق قدرت کی داستان سے حظ اٹھاتے ہیں۔ کہیں روحانی عالم کی باتوں سے لطف اٹھا رہے ہیں بیشک یہ مولیٰ کریم ہی کا فضل اور احسان ہے کہ ایسے انعام کرتا ہے ، وہ پیدا کرتا ہے اور پھر ایسی بے بہا نعمتیں عطا کرتا ہے۔ کسی کی ماں ، کسی کا دوست کسی کا باپ وہ نعمتیں نہیں دے سکتا جو خدا تعالیٰ نے دی ہیں ۔ پھر اسی پر بس نہیں فرمائی إِنَّا هَدَيْنَهُ السَّبِيلَ ۔ ہم نے انسان کو ایک راہ بتلائی ۔ یہی ایک مسئلہ ہے جو بڑا ضروری تھا۔ ہم پیدا ہوئے سب کچھ ملا مگر کوئی کتنی کوششیں کرے۔ ہمیشہ کے لئے نہ کوئی رہا ہے نہ رہے گا۔ سارے انبیاء ورسل ، تمام اولیاء و کبراء ملت تمام مدبر اور بڑے بڑے آدمی سب کے سب چل دیئے۔ پس کوئی ایسا انعام ہو جو ابد الآباد راحت اور سرور کا موجب ہو۔ اس کے لئے فرمایا إِنَّا هَدَيْنَهُ السَّبِيلَ ہم نے ایک راہ بتلائی اگر اس پر چلے تو ابدالآباد کی راحت پاسکتا اس پاک راہ کی تعلیم ہمیشہ ہمیشہ خدا تعالیٰ کے برگزیدہ بندوں کی معرفت ہوئی ہے۔ گو خود فطرت انسانی میں اس کے نقوش موجود ہیں ۔ بہت مدت گزری جبکہ دنیا میں ایک عظیم الشان انسان اس پاک راہ کی ہدایت کے لئے آیا جس کا نام آدم علیہ السلام تھا۔ پھر نوح ، ابراہیم ، موسیٰ ، عیسی علیہم السلام آئے اور ان کے درمیان ہزاروں ہزار مامور من اللہ دنیا کی ہدایت کو آئے اور ان سب کے بعد میں ہمارے سید و مولی سید ولد آدم فخر الاولین والآخرین افضل الرسل وخاتم النبیین حضرت محمد رسول رب العالمین صلی اللہ علیہ وسلم تشریف لائے ۔ اور پھر کیسی رہ نمائی فرمائی کہ ان کے ہی نمونہ پر ہمیشہ خلفاء امت کو بھیجتا رہا حتی کہ ہمارے مبارک زمانہ میں بھی