حقائق الفرقان۔۲۰۲۴ء ایڈیشن (جلد ۲) — Page 237
حقائق الفرقان ۲۳۷ سُورَةُ النِّسَاء ۱۲۹ - وَإِنِ امْرَأَةً خَافَتْ مِنْ بَعْلِهَا نُشُورًا أَوْ إِعْرَاضًا فَلَا جُنَاحَ عَلَيْهِمَا أَنْ يُصْلِحَا بَيْنَهُمَا صُلْحًا ۖ وَالصُّلْحُ خَيْرٌ وَأَحْضِرَتِ الْأَنْفُسُ الشُّحَّ وَإِنْ تُحْسِنُوا وَ تَتَّقُوا فَإِنَّ اللَّهَ كَانَ بِمَا تَعْمَلُونَ خَبِيرًا - ترجمہ ۔ اور اگر کوئی عورت ہو جو اپنے خاوند کی جانب سے شرارت کا اندیشہ کرے یا بے رغبتی یا بے رخی کا تو میاں بی بی پر کچھ گناہ نہیں جو آپس میں صلح کر لیں کسی طرح کی صلح اور صلح بہت اچھی بات ہے اور ہر ایک نفس میں بخیلی، دنیا طلبی اور حرص تو لگی ہوئی ہے۔ اور اگر تم نیک سلوک کرو اور اللہ کو سپر بناؤ تو اللہ تمہارے اعمال سے بڑا خبر دار ہے۔ تفسیر أَنْ يُصْلِحَا بَيْنَهُمَا صُلْحًا صلح بڑی اچھی چیز ہے۔ بہت لوگ ایسے ہیں کہ وہ عداوت کو بڑھاتے ہی رہتے ہیں۔ (ضمیمه اخبار بدر قادیان جلد ۸ نمبر ۴۰ مؤرخہ ۲۹ جولائی ۱۹۰۹ صفحه ۸۰) ١٣٠ - وَ لَنْ تَسْتَطِيعُوا أَنْ تَعْدِلُوا بَيْنَ النِّسَاءِ وَ لَوْ حَرَصْتُمْ فَلَا تَمِيلُوا كُلَّ الْبَيْلِ فَتَذَرُوهَا كَالْمُعَلَّقَةِ وَ إِنْ تُصْلِحُوا وَ تَتَّقُوا فَإِنَّ اللَّهَ كَانَ غَفُورًا رحِيمًا - ترجمہ ۔ اور تم ہر گز عورتوں سے اعتدال حقیقی نہ کر سکو گے گو تم کتنی ہی حرص کرو تو بالکل الگ بھی نہ ہو جاؤ کہ اس کو چھوڑ بیٹھو ادھر لٹکتی ہوئی اور اگر تم سنوار کرتے رہو اور اللہ کوسپر بناؤ تو بے شک اللہ بڑا ڈھانپنے والا ہے اور سچی کوششوں کا بدلہ دینے والا ہے ۔ تفسیر كَالْمُعَلَّقَةِ - ایسا نہ کرو کہ وہ عورت درمیان میں لٹکی رہے کہ نہ اس کو خاوند والی کہہ سکتے ہیں نہ بے خاوند والی ۔ و تَتَّقُوا - تقوی بہت ضروری ہے۔ ایک امیر کو میں اچھا سمجھتا تھا اور میرے استادا سے بہت برا سمجھتے تھے۔ ایک دفعہ ذکر چل پڑا۔ میں نے متقیوں کی مثال میں اس امیر کو پیش کیا آپ نے کہا کہ تقوی کے معنے جانتے ہو؟ عرض کیا جو کوئی کام شریعت کے خلاف نہ کرے۔ فرمایا یہی بات ہے کہ وہ شریعت کی تو آڑ رکھتا ہے اور کرتا وہی ہے جو اس کے دل میں ہوتا ہے۔ اپنے اغراض کے موافق احکام کو ڈھال لیتا ہے۔ (ضمیمه اخبار بدر قادیان جلد ۸ نمبر ۴۰ مؤرخہ ۲۹ جولائی ۱۹۰۹ ء صفحہ ۸۰)