مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 254
مکتوبات احمد ۲۵۴ جلد دوم مکتوب نمبر ۵۰ ملفوف بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ نَحْمَدُهُ وَ نُصَلِّي عَلَى رَسُولِهِ الْكَرِيمِ السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ آپ کا تحفہ پار چات نفیس و عمدہ جو آپ نے نہایت درجہ کی محبت اور اخلاص سے عطا فرمائے تھے ، مجھ کو مل گئے ہیں۔ اس کا شکر یہ ادا کرتا ہوں ۔ ہر ایک پارچہ کو دیکھ کر معلوم ہوتا ہے کہ آں محبّ نے بڑی محبت اور اخلاص سے ان کو تیار کرایا ہے ۔ اللہ تعالیٰ اس کے عوض میں اپنے بے انتہا اور نہ معلوم کرم اور فضل آپ پر کرے اور لباس التقویٰ سے کامل طور سے اولیاء اور صلحاء کے رنگ سے مشرف فرمادے ۔ ایک بڑی خواہش ہے کہ آپ فرصت پا کر تشریف لاویں کیونکہ اب تک یک سوئی اور مخالطت کی صحبت کا آپ کو اتفاق نہیں ہوا اور جو کچھ آن محب نے صاحب کمشنر کی زبانی سنا تھا ، اس کی کچھ بھی پرواہ نہیں ہے۔ ہمارا عقیدہ اور خیال انگریزی سلطنت کی نسبت بخیر اور نیک ہے۔ اس لئے آخر انگریزوں کو معلوم ہو جائے گا کہ یہ سب کچھ تہمتیں ہیں ۔ کوئی تردد کی جگہ نہیں اور علالت طبیعت کے بارے میں جو آپ نے لکھا تھا ، خدا تعالیٰ کا فضل درکار ہے۔ سب خیر ہے۔ میں بہت دعا کرتا ہوں ۔ بہتر ہے کہ اکثر مچھلی کے تیل کا استعمال شروع رکھیں اور جو تریاق الہی میں نے بھیجا تھا۔ ان میں سے یعنی دونوں قسموں میں سے کھایا کریں، بہت مفید ہے ۔ اور یہ جو آپ نے اپنے گھر کی نسبت لکھا تھا کہ مجھ کو کچھ بہت خوش نہیں رکھتیں۔ اس میں میری طرف سے یہی نصیحت ہے کہ آپ اپنے گھر کے لوگوں سے بہت احسان اور خلق اور مدارت سے پیش آیا کریں اور غائبانہ دعا کریں۔ حدیث شریف میں ہے کہ خَيْرُ كُمْ خَيْرُكُمْ لِأَهْلِهِ انشاء اللہ بہت خوبیاں پیدا ہو جائیں گی۔ دنیا نا پائیدار ہے۔ ہر ایک جگہ اپنی مروّت اور جوانمردی کا نمونہ دکھلانا چاہئے اور عورتیں کمزور ہیں ۔ وہ اس نمونہ کی بہت محتاج ہیں ۔ حدیث سے لا مشكوة باب عشرة النساء - ترندی