مکتوبات احمد (جلد دوم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 139 of 662

مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 139

مکتوبات احمد ۱۳۹ جلد دوم بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ عرض حال میں اپنی زندگی کا یہ بھی ایک مقصد سمجھتا ہوں کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی ہر قسم کی پرانی تحریروں کو ، جو کبھی شائع نہیں ہوئی ہیں یا نایاب ہو چکی ہیں اور لوگوں کو خبر بھی نہیں ، جمع کروں اور جمع کر کے شائع کرتا رہوں ۔ اس سلسلہ میں اب تک بہت کچھ شائع ہو چکا ہے اور ابھی بہت کچھ باقی ہے۔ میں خدا کا بہت شکر کرتا ہوں کہ مکتوبات احمد یہ کے سلسلہ میں پانچویں جلد ( جو حضرت کے ان مکتوبات پر مشتمل ہے۔ جو آپ نے اپنے دوستوں کو لکھے ) کا چوتھا نمبر شائع کر رہا ہوں ۔ یہ مکاتیب نواب محمد علی خان صاحب قبلہ کے نام ہیں ۔ اور ممکن ہے کہ آپ کے نام کے اور خطوط بھی ہوں ۔ مگر مجھے جو مل سکے ہیں میں نے شائع کر دیئے ہیں اور اگر اور مکتوبات میسر آئے تو وہ نمبر کے ضمیمہ کے طور پر شائع کر سکوں گا ۔ وباللہ التوفیق ۔ مجھے یہ کہتے ہوئے شرم آتی ہے کہ افسوس ہے ابھی تک جماعت میں ایسے قدر دانوں کی تعداد بہت کم ہے۔ جو ان بیش قیمت موتیوں کی اصل قدر کریں ۔ بہر حال میں اپنا کام جس رفتار سے ممکن ہے کرتا رہوں گا ۔ جب تک خدا تعالیٰ توفیق دے۔ تا ہم دوستوں کو توجہ دلاتا ہوں کہ وہ اس کام میں میرے مددگار ہوں ۔ والسلام یکم فروری ۱۹۲۳ء خاکسار عرفانی کنج عافیت قادیان دارالامان