مکتوبات احمد (جلد اوّل) — Page 381
مکتوبات احمد ۳۸۱ جلد اول بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ نَحْمَدُهُ وَنُصَلِّي عَلَى رَسُولِهِ الْكَرِيمِ ( تمہیدی نوٹ ) اللہ تعالیٰ کا شکر اور حمد ہے کہ اس نے اس خاکسار کو توفیق بخشی که حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کے مکتوبات کی چھٹی جلد کو ترتیب دے ۔ الْحَمْدُ لِلَّهِ عَلَى ذَلِكَ ۔ اس جلد میں میں نے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کے ان مکاتیب کو جمع کرنے کی سعی کی ہے جو آپ نے مخالف الرائے علماء ومشائخین اور غیر احمدی مسلمانوں کو وقتاً فوقتاً لکھے۔ یہ مکاتیب کبھی تو بعض کے استفسارات کے جواب میں لکھے گئے اور کبھی اتمام حجت اور تبلیغ حق کیلئے ۔ میں نے کوشش کی ہے کہ مکتوب الیہم کے متعلق ایک مختصر سا نوٹ دے دوں تا کہ تاریخ سلسلہ میں ان کی حیثیت ظاہر رہے ۔ مکتوبات احمد یہ کے سلسلہ میں اس وقت تک پانچ جلد میں نو نمبروں میں شائع ہو چکی ہیں اور اس لحاظ سے یہ دسویں جلد ہے۔ ایک جلد متفرقات کی ہوگی اور اس طرح مکتوبات کے سلسلہ کی تکمیل ہو جائے گی ۔ وَبِاللَّهِ التَّوْفِيقُ ۔ مکتوبات کی جمع و ترتیب بھی دراصل سیرۃ و سوانح حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کا ایک اہم حصہ ہے ۔ مجھے اعتراف ہے کہ اس کام کو میں متواتر اور مسلسل جاری نہیں رکھ سکا۔ میں اپنی کمزوریوں سے ناواقف نہیں مگر میں ایک یقین کے ساتھ کہتا ہوں کہ اس غفلت اور کوتاہی کے لئے جماعت بھی منفرد او مجتمعاً ذمہ دار ہے اِلَّا مَا شَاءَ اللہ اس لئے کہ اس نے اس کام کی اہمیت کو ابھی تک نہیں سمجھا۔ بہر حال میں اپنے ذوق اور استعداد کے موافق اس سے غافل نہیں رہا اور یہ اسی جذبہ کی ایک حقیر کوشش ہے۔ اللہ تعالیٰ قبول کرے آمین ۔ خاکسار عرفانی کبیر از سکندر آباد دکن ۲۸ رفروری ۱۹۵۰ء