مکتوبات احمد (جلد اوّل) — Page 272
مکتوبات احمد ۲۷۲ جلد اول ایک ذرہ تصنع اور بناوٹ کی بد بو نہیں پائی جاتی ۔ انسان کے تمام قومی جو اس کی فطرت میں پائے جاتے ہیں وہ قرآنی تعلیم کے سامنے ایسے ہیں کہ گویا وہ ایک قالب ہے جو بالطبع اس روح کے لینے کے لیے تقاضا کر رہا ہے۔ جو شخص اس دین کی پوری صورت دیکھ لیوے اور طبع سلیم رکھتا ہو تو میں خیال نہیں کر سکتا کہ وہ اس نعمت کے قبول کرنے سے محروم رہ جائے اسی غرض سے وہ رسالہ تالیف کیا گیا ہے جس کا ترجمہ آپ کی خدمت میں بھیجنا چاہتا ہوں ۔ افسوس کہ میں بباعث اپنی ان مجبوریوں کے جن کی تفصیل طول طلب ہے جلدی اپنے وعدہ کو پورا نہیں کر سکا۔ اگر میں انگریزی خواں ہوتا تو یہ مشکلات مجھے نہ آتیں ۔ بہر حال امید رکھتا ہوں کہ اب میری دوسری چٹھی کوئی حصہ رسالہ کا ساتھ لے کر آپ کی خدمت میں پہنچے گی ۔ یہ نہیں وعدہ کر سکتا کہ کب ۔ تک مگر امید رکھتا ہوں کہ خداوند قادر مطلق کوئی بہت دیر اس میں نہیں ڈالے گا۔ خدا تعالیٰ آپ کے ساتھ رہے اور وہ دن لاوے کہ جیسے خط و کتابت کے ذریعہ سے ایک روحانی ملاقات حاصل ہو رہی ہے خارجی ملاقات سے بھی مسرور اور خوشحال ہو جائیں ۔ آمین والسلام آپ کا مخلص دوست غلام احمد قادیان ضلع گورداسپور الحکم جلد ۵ مورخه ۲۴ جون ۱۹۰۴ء صفحه ۳