خطبات طاہر (جلد 8۔ 1989ء) — Page 1
خطبات طاہر جلد ۸ 1 خطبه جمعه ۶ جنوری ۱۹۸۹ء مالی قربانی کی برکات اور وقف جدید کے سال نو کا اعلان ( خطبه جمعه فرموده ۶ جنوری ۱۹۸۹ء بمقام بیت الفضل لندن ) اور پھر فرمایا: تشہد و تعوذ اور سورہ فاتحہ کے بعد حضور نے مندرجہ ذیل آیت قرآنی تلاوت کی : مَنْ ذَا الَّذِي يُقْرِضُ اللَّهَ قَرْضًا حَسَنًا فَيُضْعِفَهُ لَهُ أَضْعَافًا كَثِيرَةً وَاللَّهُ يَقْبِضُ وَيَبْقُطُ وَ إِلَيْهِ تُرْجَعُونَ (البقره ۲۴۶) یہ جمعہ ۱۹۸۹ء کا پہلا جمعہ ہے اور سابقہ روایات کے مطابق نئے سال کے پہلے جمعہ یا اُس سے گزرے ہوئے سال کے آخری جمعہ میں وقف جدید کے سال نو کا اعلان ہوا کرتا ہے لیکن اس سے پہلے کہ میں وقف جدید کے متعلق کچھ کہوں تمام دنیا کی جماعتوں کے تمام احباب اور خواتین اور بچوں کو نئے سال کی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ یہ سال ہمارے لئے ایک خاص اہمیت کا سال ہے کیونکہ تقریباً دو مہینے اور سترہ دن کے بعد احمدیت کی نئی صدی کا سورج طلوع ہونے والا ہے اور احمدیت کی پہلی صدی اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ ، پوری شان کے ساتھ برکتیں پیچھے چھوڑتی ہوئی رخصت ہونے والی ہے اس پہلو سے یہ سال جدائی کا بھی سال ہے اور وصل کا سال بھی ہے۔ ایک ایسا دن جدا ہونے والا ہے جو اپنی روشنی میں ہمیشہ آئندہ ہر صدی سے بڑھ کر چمکے گا یعنی پہلی صدی کا دن کیونکہ اس کے سر پر وہ امام ظاہر ہوئے جن کی خوشخبری حضرت اقدس محمد مصطفی ﷺ نے خود عطا فرمائی اور جس کی تیرہ صدیوں تک اُمت انتظار کرتی رہی ۔ پس اگر چہ ہم یقین رکھتے ہیں کہ انشاء اللہ تعالیٰ احمدیت سینکڑوں ہزاروں گنا آئندہ صدی میں ترقی کرے گی لیکن وہ ساری ترقیاں مرہون منت ہیں