خطبات طاہر (جلد 16۔ 1997ء)

by Hazrat Mirza Tahir Ahmad

Page 289 of 1024

خطبات طاہر (جلد 16۔ 1997ء) — Page 289

خطبات طاہر جلد 16 289 خطبہ جمعہ 25 اپریل 1997ء عمل کی توفیق ہے آپ کی بخشش وہیں ہوئی ہے جہاں سے آپ کو گناہ سے نفرت شروع ہو گئی ہے۔ اس سے پہلے بخشش نہیں ہے اور جب گناہ سے نفرت ہو جائے تو پھر بدیاں بھی اچھی نہیں لگتیں۔ جب ایک بڑی مصیبت سے نجات ملے ، بڑے داغ دور ہو جائیں تو چھوٹے داغ نمایاں ہو جایا کرتے ہیں اور پھر ان چھوٹے داغوں کو دور کرنے کی طرف توجہ پیدا ہوتی ہے۔ اگر غلاظت ہی لگی ہوئی ہے جسم کے اوپر تو چھوٹے چھوٹے بار یک داغ دکھائی ہی نہیں دے سکتے ۔ خیال ہی نہیں پیدا ہو سکتا کہ یہ بھی دور کرنے والی باتیں ہیں۔ سب سے پہلے انسان غلاظت کو دھوئے گا۔ تو گناہ وہ غلاظت ہے جس کو دھو کر اور دھونے کے ساتھ یہ مضمون شامل ہے کہ نفرت ہے تو دھویا گیا۔ نفرت اور بخشش گناہوں کو مٹانا اور دور کرنا یہ ایک ہی چیز کے دو نام ہیں لیکن پھر بعد میں پتا چلتا ہے کہ چادر کے داغ تو دور ہوئے نہیں ، جگہ جگہ بہت سے ایسے داغ ہیں جو پہلے دکھائی نہیں دیتے تھے، اب نظر آنے لگ گئے ہیں۔ ان کو دور کرنے کا جو سلسلہ ہے وہ ساری زندگی کا معاملہ ہے، ہمیشہ ساتھ رہے گا اور اس کے لئے طریق یہ بیان فرما دیا گیا کہ حسن کی تلاش کرو، اپنے آپ کو زیادہ حسین تر بنانے کی کوشش کرو۔ جب بھی تم کسی نیکی کی خواہش رکھو گے اور اسے اپنا لو گے اس کے ساتھ ہی بعض داغ جو تمہارے اندر تھے وہ از خود دور ہو جائیں گے وہ اکٹھے رہ سکتے ہی نہیں کیونکہ نیکی در اصل خدا کی صفات کا پر تو ہے اور خدا تعالیٰ کی صفات کے ساتھ بدیاں رہ نہیں سکتیں ۔ تو ایسا اعلی مضمون سکھایا گیا ہے اور پھر اس کے ساتھ جو وعدہ فرمایا گیا ہے برکت کا وہ یہ ہے کہ نیکیاں دوسری نیکیوں کو جنم دیں گی وہ اکیلی نہیں رہیں گی۔ تم میں نشو و نما شروع ہو گی جو تمہیں پہلے سے زیادہ عظیم تر بناتی چلی جائے گی اور پھر تمہارے گردو پیش میں برکت دی جائے گی، تمہاری تعداد میں اضافہ ہوگا ۔ مُحَمَّدٌ رَّسُولُ اللهِ وَالَّذِينَ مَعَہ کا مضمون شروع ہو جائے گا۔ محمد اکیلا رہنے والا وجود ہی نہیں ہے اس کے ساتھ وہ لازماً وہ پیدا ہوں گے جو معہ کا حق ادا کریں گے اور معیت کا حق تبھی ادا ہو سکتا ہے جو خوبیاں سیکھنے سے تعلق رکھتا ہے۔ یعنی جو ساتھ ہیں وہ خوبیاں سیکھیں گے تو معہ ہوں گے ۔ ورنہ تو معیت کا شرف ان کو نصیب ہی نہیں ہو سکتا۔ تو آپ کے ساتھ بھی ایک معیت پیدا ہو گی يَزِيدُهُمْ مِنْ فَضْلِہ کا یہ معنی ہے جو آپ کو پیش نظر رکھنا چاہئے۔