خطبات طاہر (جلد 13۔ 1994ء)

by Hazrat Mirza Tahir Ahmad

Page 887 of 1080

خطبات طاہر (جلد 13۔ 1994ء) — Page 887

خطبات طاہر جلد 13 887 خطبه جمعه فرموده 25 نومبر 1994ء بدظن ، غیبت کرنے والا ، چغل خور بدترین شخص ہے۔ حسد سے بچیں یہ نیکیوں کو کھا جاتا ہے۔ ( خطبه جمعه فرموده 25 نومبر 1994ء بمقام مسجد فضل لندن برطانیہ ) تشہد و تعوذ اور سورۃ فاتحہ کے بعد حضور انور نے فرمایا۔ گزشتہ جمعے میں میں نے قرآن کریم کی آیات اور احادیث کے حوالے سے غیبت کے مضمون پر خطاب کیا تھا لیکن وقت نہ ہونے کی وجہ سے پورا خطاب یا اس خطاب کے سلسلے میں جو مضمون میں نے پیش نظر رکھا تھا وہ مکمل نہ ہو سکا کچھ احادیث بہت اہم ہیں اس موضوع پر جو میں آپ کے سامنے پیش نہیں کر سکا تھا۔ تو آج وہیں سے بات شروع کروں گا جہاں گزشتہ خطبے پر بات ختم کی تھی ۔ صلى الله حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتے ہیں کہ حضرت اقدس محمد مصطفی ﷺ نے فرمایا بدترین آدمی تم اسے پاؤ گے جو دو منہ رکھتا ہے۔ ان کے پاس آکر کچھ کہتا ہے اور دوسروں کے پاس جا کر کچھ کہتا ہے (یعنی بڑا منافق اور چغل خور ہے )۔ یہ جو یعنی بڑا منافق اور چغل خور ہے ، یہ ترجمہ کرنے والے نے ترجمہ بیچ میں کیا ہے، اصل الفاظ میں نہیں ہے۔ اور جو تشریح سمجھی اس کے مطابق بیان کیا ۔ اگر چہ ظاہراً یہی معنے ہیں لیکن ترجمے میں ویسے عموماً یہ احتیاط کرنی چاہئے تو اسی لئے مجھے شک گزرا تھا کہ یہ اصل الفاظ نہیں ہیں ۔ جب میں نے اصل الفاظ پر نگاہ ڈالی تو واقعہ وہاں یہ موجود نہیں تھے۔ حدیث کے الفاظ صرف اتنے ہیں کہ بدترین آدمی اسے پاؤ گے جو دو منہ رکھتا ہو۔ ان کے پاس آکر کچھ کہتا ہے دوسروں کے پاس جا کر کچھ کہتا ہے۔