خطبات مسرور (جلد 15۔ 2017ء) — Page 244
خطبات مسرور جلد 15 244 خطبہ جمعہ فرمودہ مورخہ 26 مئی 2017 کہ "میری اہلیہ کے لئے بھی دعا کی درخواست ہے۔اس نے بہت صبر اور مجاہدے سے کام لیا۔"صرف اہلیہ ان کی احمدی تھیں اور باقی سب رشتہ دار غیر احمدی ہیں۔اور جب یہ اسیر تھے تو پہلے اہلیہ کے والد فوت ہوئے۔پھر بھائیوں نے اسے احمدیت کی وجہ سے چھوڑ دیا۔جب شور مچ گیا تو بھائیوں نے بھی اپنی بہن کو احمدیت کی وجہ سے چھوڑ دیا۔خاوند پہلے ہی جیل میں تھے۔پھر کہتے ہیں کہ عرصہ اسیری کے دوران میرے گھر والوں سے بھی دور رہی۔وہ بھی شاید سارے احمدی نہیں تھے کہ ان سے بھی یہ دور رہی۔لیکن مخلص احمدی مستورات نے اپنے پیار سے یہ پوری کر دی اور ان لوگوں کا ایک خاندان بن گیا۔اپنوں نے چھوڑا تو جماعت احمدیہ نے اس کو جذب کر لیا۔مردوں اور عورتوں نے مختلف جگہوں پہ اپنے اپنے دائرے میں قربانیاں دیں اور دے رہے ہیں۔جیسا کہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام نے فرمایا کہ وہ یعنی صحابہ بھی تنگ کئے گئے۔مشکلات میں ڈالے گئے۔اپنے ماننے والوں کے متعلق فرماتے ہیں کہ وہ بھی تنگ کئے گئے۔مشکلات میں ڈالے گئے جیسے کہ صحابہ۔لیکن اللہ تعالیٰ کے فضل سے الجزائر کی یہ چھوٹی سی جو نئی جماعت ہے اپنے جس دور سے گزر رہی ہے، ابتلا میں بڑی ثابت قدم ہے اور قائم ہے اور اب ان کے جذبات کا اظہار دو خطوں سے ہی ہو جاتا ہے۔اور یہ بھی لکھتے ہیں کہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کے ذریعہ جاری نظام خلافت کی وجہ سے ان کے تسکین کے سامان ہوتے رہے۔مخالفین جو خوف پیدا کرنے کے لئے کارروائیاں کرتے تھے اللہ تعالیٰ اپنے خاص فضل سے خلافت کے ساتھ جڑے رہنے کی وجہ سے اس میں سے ان کے لئے تسکین کے سامان پیدا فرما دیتا تھا۔اور بیشمار ایسی مثالیں ہیں جہاں اللہ تعالیٰ احمدیوں کے لئے تسکین کے سامان پیدا فرماتا ہے۔ذاتی طور پر بھی اور جماعتی طور پر بھی مشکلات کے دور آتے ہیں۔اللہ تعالیٰ اپنے وعدے کے مطابق تسکین اور امن کے سامان مہیا فرما تارہتا ہے۔یہ کسی خاص دور اور وقت کی بات نہیں ہے جیسا کہ میں نے مثالیں بھی دیں۔یا اس کے ساتھ مشروط نہیں ہے۔اللہ تعالیٰ نے ایمان لانے والوں اور نیک عمل کرنے والوں سے یہ وعدہ کیا ہے کہ خوفوں کو اس نے دور کرنا ہے۔لیکن اللہ تعالیٰ بار بار مومنوں کو یہ توجہ بھی دلاتا ہے کہ وہ میری عبادت کا حق بھی ادا کریں۔اور جب یہ حق ادا ہو رہے ہوں گے تو بیشک خوف کے حالات بھی آئیں گے۔لیکن خوف کی حالت ذاتی طور پر بھی اور اجتماعی طور پر بھی اس تعلق کی وجہ سے ، اس واسطے سے ، جو خلافت سے ہو گا اور جو اللہ تعالیٰ سے ہو گا، وہ حالات امن اور سکون کی حالت میں بدل دیئے جائیں گے۔اب الجزائر کے یہ احمدی جن میں سے چند ایک کے علاوہ کسی نے خلیفہ وقت کو کبھی دیکھا بھی نہیں لیکن ایمان میں کامل ہونے کی وجہ سے اللہ تعالیٰ اس طرح ان کے لئے تسکین کے سامان پیدا فرما رہا ہے جس طرح حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کے زمانہ میں آپ کے قریبیوں میں دل کی تسکین کے سامان پیدا ہو رہے تھے یا جماعت احمدیہ کی تاریخ دیکھیں تو حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کے ذریعہ سے جاری نظام خلافت کی برکت