خطبات محمود (جلد 38)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 1 of 279

خطبات محمود (جلد 38) — Page 1

1957ء 1 1 خطبات محمود جلد نمبر 38 دعا کرو کہ نیا سال ہمارے لیے گزشتہ سال سے بہت زیادہ با برکت ثابت ہو چاہیے کہ جوں جوں اللہ تعالیٰ کے انعامات تم پر زیادہ ہوں تم انکسار اور انابت الی اللہ میں بڑھتے چلے جاؤ (فرمودہ 4 جنوری 1957ء بمقام ربوہ ) تشهد ، تعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد فرمایا: گزشتہ سال ہمارے لیے دو رنگ میں واقعات کا ظہور ہوا۔ ایک تو جماعت میں منافقت کا فتنہ اٹھا اور دوسرے جماعت کی ترقی کے خدا تعالی کے فضل سے بہت سے سامان پیدا ہوئے ۔ چنانچہ جماعت کئی نئے ملکوں میں بڑھی ہے اور کئی پرانے ملکوں میں پھیلی ہے۔ پاکستان میں بھی جماعت پھیلی ہے، ہندوستان میں بھی پھیلی ہے اور پھر ہندوستان اور پاکستان سے باہر بھی کئی علاقوں میں جماعت کے پھیلنے کے سامان پیدا ہوئے ہیں ۔ ڈچ گی آنا میں نئی جماعت قائم ہوئی ہے۔ اسی طرح جرمنی میں نئے احمدی ہوئے ہیں۔ پس جہاں جماعت میں ارتداد کا فتنہ پیدا ہوا وہاں اس کے جواب میں یا جماعت کے لیے کامیابی کے کئی راستے بھی کھلے ہیں ۔