خطبات محمود (جلد 22) — Page 180
1941 ء 181 12 خطبات محمود حکومت برطانیہ کی کامیابی کے لئے دعا کی تحریک (فرمودہ 4، اپریل 1941ء) تشہد، تعوذ اور سورہ فاتحہ کی تلاوت کے بعد فرمایا:۔ میں نے پچھلے سے پچھلے جمعہ کے موقع پر یہ کہا تھا کہ علاوہ اس دعا کی تحریک میں حصہ لینے کے جو حکومت کی طرف سے کی گئی ہے اور جس کے لئے اس نے اتوار کا دن مقرر کیا ہے۔ ہم چونکہ مسلمان ہیں اور اتوار کا دن ہمارے لئے وہ اہمیت نہیں رکھتا جو جمعہ کا دن رکھتا ہے۔ اس لئے ہم اپنے طور پر بھی دعا کے لئے جمعہ کا کوئی دن مقرر کریں گے۔ اتوار کا دن عیسائیوں اور ہندوؤں کا مذہبی تہوار ہے اور کوئی وجہ نہیں کہ ہم مسلمان جو اپنے مذہب کو ان کے مذاہب سے فائق اور اعلیٰ سمجھتے ہیں اور یقین رکھتے ہیں کہ ہماری الہامی کتاب میں جمعہ کو برکت کا دن قرار دیا گیا ہے ان کے دامن کے ساتھ بندھے بندھے پھریں اور جس دن کو وہ متبرک قرار دیں اسی دن کو ہم بھی متبرک سمجھنے لگیں۔ خواہ اس قسم کی تحریک حکومت کی طرف سے ہی کیوں نہ ہو کیونکہ حکومت کے احکام بھی مذہب کے تابع ہوتے ہیں۔ پس میں نے کہا تھا کہ بے شک اس دن بھی دعائیں مانگی جائیں اور حکومت سے تعاون کرتے ہوئے جلسہ کر لیا جائے مگر ہم اپنے طور پر بھی دعا کے لئے جمعہ کا کوئی خاص دن مقرر کریں گے۔ چنانچہ میں نے تجویز کیا تھا کہ جمعہ کے دن خصوصیت سے روزہ رکھنا چونکہ پسندیدہ امر نہیں اس لئے آنے والے جمعہ یعنی