خطبات محمود (جلد 20) — Page 284
خطبات محمود ۲۸۴ ۱۹ سال ۱۹۳۹ ء تحریک جدید کے مطالبات کے متعلق جلسے کئے جائیں فرموده ۳۰ جون ۱۹۳۹ء ) تشہد ، تعوذ اور سورہ فاتحہ کی تلاوت کے بعد فرمایا :- میں نے تحریک جدید کے متعلق گزشتہ سال بھی اس زمانہ میں ایک جلسہ مقرر کیا تھا اور اس سال پھر میں اس کے متعلق ایک جلسہ کا اعلان کرنا چاہتا ہوں اور اس کے لئے ۱۵ اگست ۱۹۳۹ء کی تاریخ مقرر کرتا ہوں لے جیسا کہ میں نے پہلی دفعہ بیان کیا تھا ایسے جلسوں کو کامیاب بنانے کے لئے پہلے مختلف محلوں میں اور مختلف مقامات پر چھوٹے چھوٹے جلسے کرنے ضروری ہیں اور ایسے کم سے کم تین جلسے ہونے چاہئیں ۔ ایک عورتوں کا ، ایک نو جوانوں کا اور ایک بڑی عمر کے آدمیوں کا ۔ اس کا یہ مطلب نہیں کہ تینوں جلسے اس طرح ہوں کہ ایک طبقہ کو دوسرے طبقہ کے جلسہ میں شریک ہونے کی اجازت نہ ہو بلکہ ہر جلسہ میں دوسرے لوگ بھی شامل ہوں ۔ مثلاً نوجوانوں کے جلسہ میں یا بڑوں کے جلسہ میں علماء کی جو تقریریں ہوں اگر پس پردہ عورتیں بھی ان کو سن سکیں تو یہ نا مناسب نہیں بلکہ پسندیدہ ہے لیکن چونکہ ہر طبقہ کے لئے اس کے حالات کو دیکھتے ہوئے بعض مخصوص خیالات کا سننا اور سُنو انا ضروری ہوتا ہے اس لئے علیحدہ علیحدہ جلسوں کی تجویز میں نے کی ہے اور ان جلسوں کے آخر میں ۱۵ را گست کو ایک بڑا جلسہ ہو جس میں سب مرد، عورتیں ، جوان ، بچے ، بوڑھے شریک ہوں بلکہ شہر کے علاوہ علاقہ کے احمدی بھی شامل ہوں اور اس تحریک سے پوری طرح آگاہ ہوں ۔