خطبات محمود (جلد 14)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 43 of 346

خطبات محمود (جلد 14) — Page 43

خطبات محمود سال ۱۹۳۳ء شکست کھائی ہو۔ مگر دشمن جھوٹ بولتا ہے اور جھوٹ بول بول کر لوگوں کو ورغلاتا اور انہیں جماعت کے خلاف اکساتا ہے۔ تم یا درکھو جھوٹ کے پاؤں نہیں ہوتے۔ قرآن مجید میں آتا ہے جَاءَ الْحَقُّ وَزَهَقَ الْبَاطِلُ إِنَّ الْبَاطِلَ كَانَ زَهُوقًا لحق آگیا اور باطل بھاگ گیا۔ اور اس میں تعجب کی کون سی بات ہے۔ باطل ہمیشہ بھاگا ہی کرتا ہے۔ پس بیشک وہ جھوٹ سے کچھ عرصہ تک لوگوں کو ورغلا لیں مگر وہ جھوٹ نہیں جو بھاگے نہیں اور وہ سچ نہیں جو پھیلے نہیں ۔ پس ان دنوں زیادہ جوش سے تبلیغ پر کمر بستہ ہو جاؤ۔ پرسوں پھر تبلیغ کا دن ہے اور یہ دن خصوصیت سے ہندوؤں میں تبلیغ کے لئے ہے۔ بیرونی جماعتیں تو زور شور سے تیاری کر رہی ہیں مگر قادیان میں سستی معلوم ہوتی ہے۔ ہر احمدی کا فرض ہے کہ وہ اس دن تبلیغ کرے۔ چاہے تقریر کے ذریعہ اور چاہے تحریر کے ذریعہ۔ بہر حال تبلیغ کرنی ہے۔ اور جو باہر کی جماعتیں ہیں مثلاً لا ہور اور گجرات جہاں کہ آج کل بہت زیادہ مخالفت ہو رہی ہے۔ وہ میرے اس خطبہ کو یاد رکھیں اور سمجھ لیں کہ جب تک وہ خدا کے منشاء کے مطابق کام نہیں کریں گی ، کامیاب نہیں ہوں گی ۔ ہمارے دل میں بیشک ان کی محبت ہے مگر ہماری محبت ان کے کام نہیں آسکتی ۔ آج خدا چاہتا ہے کہ ہر انسان کو خود مدد دے۔ پس خدا کی محبت دل میں پیدا کرو تا که خود زمین و آسمان کا خدا تمہاری مدد کرے۔ آج سے تیرہ سو سال پہلے جب محمد صلی السلام دنیا میں آئے اور خدا نے تلوار کے ذریعہ اسلام کی مدد کی تو دشمن نے اعتراض کیا اور کہا کہ اسلام تلوار کے زور سے پھیلا۔ تب خدا کی غیرت نے تقاضا کیا کہ وہ ایک دوسرے زمانہ میں تلوار مسلمانوں سے لے لے اور پھر ادیان باطلہ پر اسلام غالب کر کے ثابت کرے کہ اسلام دلائل کی رو سے غالب ہوا کرتا ہے نہ کہ تلوار کے ذریعہ ۔ پس تم جاؤ اور دلائل کی تلوار سے مخالفین کو اسلام کے قدموں میں ڈال دو۔ اور یا درکھو کہ آج اگر کوئی شخص اسلام کے نام پر تلوار چلاتا ہے تو وہ اسلام کا ازلی دشمن ہے کیونکہ وہ اس زبردست دلیل صداقت کو باطل کرنا چاہتا ہے جس کے متعلق خدا کا ارادہ ہے کہ دنیا پر ظاہر کرے ۔ تم اگر اس وقت ایک زبردست آدمی پر انگلی بھی رکھتے ہو اور وہ گر جاتا ہے تو وہ شور مچا سکتا ہے اور کہہ سکتا ہے میں اس کی اُنگلی سے گرا۔ اس طرح وہ دلیل جو خدا د نیا میں قائم کرنی چاہتا ہے، کمزور ہو جاتی ہے۔ 41