خطبات محمود (جلد 13) — Page 110
خطبات محمود 10000000 سال ۱۹۳۱ء اس روح کو پیدا کر لیں تو ہماری جماعت کے اند ر کبھی جھگڑے اور فسادات پیدا نہ ہوں۔ اور اب تو ہماری جماعت روحانی بلوغت کو پہنچ چکی ہے اب ہمارے اندر قربانی کا زیادہ مادہ ہونا چاہئے اور اپنے جھگڑے اور فسادات کو جس حد تک کم ہو سکیں کم کرنا چاہئے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں توفیق عطا فرمائے کہ ہم اس کے حکموں پر عمل کریں اور ہمارے اندر نیکی تقوی اور صلاحیت کی روح پیدا ہو اور جھگڑے اور فسادات ہمارے اندر سے دور ہو جائیں۔ ( حضور جب دوسرے خطبہ کے لئے کھڑے ہوئے تو ایک صاحب نے کھڑے ہو کر دریافت کیا حضور جس شخص کے جماعت سے اخراج کا حضور نے اعلان کیا ہے اس کا نام کیا ہے ؟ اس پر کسی نے کہہ دیا خطبے میں نہیں بولنا چاہئے۔ حضور نے اس پر مسکراتے ہوئے فرمایا) ایک پر انا لطیفہ تھا دہی اب ہو گیا۔ خطبے میں بولنا منع ہے مگر ایک صاحب بول ہی پڑے۔ جس شخص کا میں نے ذکر کیا ہے اس کا نام امور عامہ کے بورڈ پر لکھا جا چکا ہے۔ بعد میں یہ صاحب مقدمہ واپس کر کے معافی مانگ چکے ہیں۔ اس وجہ سے نام لکھنے کی ضرورت نہیں)۔ یہ صاحب جو بولے ہیں ان کی عادت ہے کہ ایسے موقع پر اپنے پر اپنے نفس کو قابو میں نہیں رکھ سکتے ۔ ایک دفعہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام اپنی تلاشی کا واقعہ سنا رہے تھے۔ یہ تلاشی پنڈت لیکھرام کے واقعہ قتل کے سلسلہ میں سپرنٹنڈنٹ پولیس گورداسپور نے لی تھی۔ آپ نے فرمایا سپرنٹنڈنٹ پولیس ایک چھوٹے دروازہ میں سے گزرنے لگا تو اس کے سر کو سخت چوٹ آئی اور سر چکرا گیا ہم نے اسے دودھ پینے کو کہا لیکن اس نے انکار کیا کہ اس وقت میں تلاشی کے لئے آیا ہوں اور یہ میرے فرض منصبی کے مخالف ہو گا۔ اس پر یہی صاحب جو اب بولے ہیں جھٹ بولے ۔ حضور اس کے سر میں خون بھی نکلا تھا یا نہیں۔ حضرت صاحب نے ہنستے ہوئے فرمایا میں نے اس کی ٹوپی اتار کر نہیں دیکھی تھی۔ خیر تو خطبے میں بولنا منع ہے ۔ مگر لطیفہ یہ ہے کہ خطبے میں ہی ایک دوسرے صاحب نے انہیں نصیحت کر دی ہے کہ خطبے میں بولنا نہیں چاہئے۔ یہ ویسی ہی بات ہے جیسے کہتے ہیں کہ کہیں جماعت ہو رہی تھی۔ ایک شخص آیا اور کہنے لگا السَّلَامُ عَلَيْكُم نماز پڑھتے ہوئے ہی ایک شخص کہہ اُٹھا وَ عَلَيْكُمُ السَّلَامُ ، دوسرا کہنے لگا تمہیں پتہ نہیں نماز میں بولنا منع ہے پھر تو نے سلام کا جواب کیوں دیا تو خطبے میں بولنا بھی منع ہے اور بول کر منع کرنا بھی منع ہے بعد میں منع کیا جا سکتا ہے یا اشارہ سے سمجھایا جائے۔ خطبے میں نہیں بولنا چاہتے ہاں امام خود بول کر منع کر سکتا ہے۔ (الفضل ۲۶ مارچ ۱۹۳۱ء)