صحیح بخاری (جلد یازدہم)

Page ii of 260

صحیح بخاری (جلد یازدہم) — Page ii

بسم الله الرحمن الرحيم پیش لفظ الحمد لله الحمد لله ثم الحمد للہ محض اللہ تعالیٰ کے فضل و احسان اور اُس کی دی ہوئی توفیق سے صحیح بخاری ترجمه و شرح حضرت سید زین العابدین ولی اللہ شاہ صاحب رضی اللہ عنہ کی گیارہویں جلد تکمیل پا کر آپ کے ہاتھوں میں ہے۔الحمد اللہ علی ذالک۔یہ جلد تفسیر سورہ مریم تا تفسیر سورۃ ص پر مشتمل ہے۔گذشتہ جلد میں امام بخاری کی کتاب التفسیر کے اسلوب پر بیان ہو چکا ہے کہ امام بخاری سورۃ کے منتخب کلمات کی لغت اور بعض دیگر آیات و احادیث سے ان کے معانی بیان کرتے ہیں جن سے اس سورۃ کے مضامین کی طرف اشارہ ہوتا ہے۔عام قاری کو سرسری طور پر شاید ان رموز کی سمجھ نہ آئے اور وہ اپنی افتاد طبع سے اس حصہ کو عدم دلچسپی کا موجب سمجھتے ہوئے اس سے اعراض کرے۔حالانکہ یہ رموز وہ اکالید ہیں جن سے اس سورۃ کے مضامین کو سمجھنے میں مدد ملتی ہے۔مگر ہر شخص کا اپنا اپنا ذوق ہوتا ہے تاہم علم قرآن سے دلچسپی رکھنے والے اور قرآن کریم کے معارف کے متلاشی اِن نکات سے حظ اُٹھاتے ہیں اور اس کی گہرائیوں میں غوطہ زن ہو کر اپنے دامن کو اُن مخفی موتیوں سے بھر لیتے ہیں جو بطونِ قرآن کی تہوں میں پنہاں ہوتے ہیں۔یہ دراصل قاری کو علیم قرآن کی چاٹ لگانے اور شوق پیدا کرنے کی امام بخاری کی ایک نہایت حکیمانہ مساعی ہے۔اللہ تعالیٰ امام الزماں علیہ السلام کے غلاموں کو قرآن کریم کی محبت، عظمت، برکات اور فیوض سے متمتع ہونے کی توفیق دے۔کیونکہ آج آسمان پر وہی عزت پائیں گے جو قرآن کو عزت دیں گے اور قرآن کی عزت اور محبت دلوں میں پیدا کرنا اور اس کی روشنی کو بنی نوع انسان کے ہر طبقہ تک پہنچانا اور قرآن کا دیا ہاتھ میں لے کر ظلمات میں بھٹکی ہوئی انسانیت کو راہ دکھانا یہی آج کا بڑا جہاد ہے جسے قرآن کریم نے وَ جَاهِدُهُم بِهِ جِهَادًا كبيران (الفرقان:۵۳) کے الفاظ میں بیان فرمایا ہے۔