انوارالعلوم (جلد 12) — Page 503
انوار العلوم جلد ۱۲ ۵۰۳ جدید عمارت میں دفاتر صدرانجمن کے افتتاح کی تقریب یعنی ایسے آدمی کھڑے کئے جائیں گے جو کام کرنے کی اہلیت اور قابلیت رکھیں گے۔ پھر فرمایا۔ يَنْصُرُكَ رِجَالٌ نُوحِي إِلَيْهِمْ مِنَ السَّمَاءِ اس میں چوتھی بات یہ بیان کی کہ آئندہ زمانہ میں بھی ایسے لوگ ہوتے رہیں گے جو الہام اور وحی سے کھڑے ہوں گے۔ مِنَ السَّمَاءِ اس لئے فرمایا کہ وحی کئی قسم کی ہوتی ہے۔ ایک قلبی وحی ہوتی ہے جیسے مکھی کو ہوتی ہے۔ مِنَ السَّمَاءِ کہہ کر اس بات پر زور دیا کہ وہ وحی آسمان سے نازل ہو گی۔ کئی وجیوں کے سامان دنیا میں پیدا ہوتے ہیں۔ مگر اس کے متعلق فرمایا۔ ہم آسمان سے وحی نازل کریں گے۔ یعنی سلسلہ الہام کثرت سے جاری ہو گا۔ اس سے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کا مقام بھی ظاہر ہے۔ کسی مجدد کے ماننے والے الہام کے ذریعہ نہیں کھڑے ہوتے۔ یہ خصوصیت انبیاء کے ہی ماننے والوں کیلئے ہے۔ غرض اتنی باتیں اس الہام میں بتائی گئی ہیں۔ یاد رکھنا چاہئے کہ ہر شخص کے کام کے درجے ہوتے ہیں اور جب اس کا درجہ بیان کیا جاتا ہے تو انتہائی بیان کیا جاتا ہے۔ اس الہام میں بھی انتہائی درجہ بیان کیا گیا ہے۔ فرمایا ۔ نُوحِي إِلَيْهِمْ مِنَ السَّمَاءِ ان پر آسمان سے وحی نازل ہو گی مگر وہ بھی ہو سکتے ہیں جنہیں وحی مِنَ السَّمَاءِ نہ ہو لیکن وحی مِنَ الْأَرْضِ ہو ان کے دلوں میں تحریک ہو اور وہ اس کام کیلئے کھڑے ہو جائیں۔ غرض اس الہام میں ایک عظیم الشان پیشگوئی کی گئی ہے۔ اسے مد نظر رکھتے ہوئے میں نے اس الہام کو لکھنے کیلئے کہا تھا تا کارکنوں کو معلوم ہو کہ جو کام وہ کرتے ہیں وہ وحی الہی کے ماتحت ہے۔ خواہ وہ وحی ان کو براہ راست نہ ہو بلکہ دوسروں کو ہو ۔ حدیث میں آتا ہے۔ بعض کو وحی ہوتی ہے اور بعض کیلئے وحی کی جاتی ہے۔ ۲۔ غرض خدا تعالیٰ اپنے خاص کاموں کے لئے لوگوں کو تحریک کیا کرتا ہے۔ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کے الہام میں یہی بات بیان کی گئی اور میں نے یہ الہام لکھا کر کارکنوں کو توجہ دلائی کہ ان کا کام کتنا مقدس اور کتنا اہم ہے اور اللہ تعالیٰ ان سے کسی قسم کی امید رکھتا ہے۔ اول تو یہ کہ ان کا کام لغو اور بے فائدہ نہ ہو۔ بلکہ ایسا ہو جس سے نصرت حاصل ہو۔ اگر ان کے کام سے سلسلہ کی نصرت نہیں ہوتی تو ایسے کام سے کوئی فائدہ نہیں۔ پس ان کے کام ایسے نہ ہوں جو دوسروں کیلئے ٹھوکر اور نقصان کا موجب ہوں۔ دوم یہ کہ وہ اخلاص رکھتے ہوں۔ سلسلہ کے کام کو سب کاموں پر مقدم کرتے ہوں۔