خطبات مسرور (جلد 17۔ 2019ء) — Page 279
خطبات مسرور جلد 17 279 خطبه جمعه فرمودہ مورخہ 24 مئی 2019 فرق نہیں پڑا اور مولوی صاحب ، حضرت مولانا نورالدین صاحب کی وجہ سے ہی جماعت چل رہی ہے۔(ماخوذ از خطبات محمود جلد 21 صفحہ 413) پھر ایک مولوی کا اس بارے میں ذکر کرتے ہوئے آپ فرماتے ہیں کہ گجرات کے دوستوں نے مجھے سنایا کہ جب حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام فوت ہوئے تو ایک اہل حدیث مولوی نے ہمیں کہا کہ اب تم لوگ قابو آئے ہو کیونکہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے کہ ہر نبوت کے بعد خلافت ہوتی ہے۔تم جو کہتے ہو حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام نبی ہیں، چاہے غیر شرعی نبی ہیں، آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی غلامی میں نبوت ملی ہے لیکن کہتے تو یہ ہو کہ نبوت ہے تو نبوت کے بعد تو خلافت ہوتی ہے اور تم میں خلافت اب نہیں ہو گی۔تم لوگ انگریزی دان ہو اس لیے خلافت کی طرف تم نہیں جاؤ گے۔وہ دوست بتاتے ہیں کہ دوسرے دن تار موصول ہوئی، اس زمانے میں تاریں چلا کرتی تھیں، ڈاک خانے کے ذریعے تار جایا کرتی تھی۔آج کل تو ایک سیکنڈ میں یہاں سے خبریں انٹرنیٹ کے ذریعے ، فون کے ذریعے وائرل (viral) ہو جاتی ہیں، لیکن اس زمانے میں تار کا نظام تھا اور تار بھی دوسرے تیسرے دن بعض دفعہ پہنچتی تھی۔تو بہر حال کہتے ہیں دوسرے دن تار موصول ہوئی کہ جماعت نے حضرت مولوی نورالدین صاحب کی بیعت کر لی ہے اور ان کو اپنا خلیفہ بنالیا ہے۔جب احمدیوں نے اس مولوی کو بتایا تو کہنے لگا کہ نورالدین تو بڑا پڑھا لکھا آدمی ہے۔اس لیے اس نے جماعت میں خلافت قائم کر دی۔اگر اس کے بعد خلافت رہی تو پھر دیکھیں گے۔پھر آپؐ فرماتے ہیں کہ جب حضرت خلیفہ اول فوت ہوئے تو کہنے لگا کہ اُس وقت اور بات تھی۔اب کوئی خلیفہ بنے گا تو دیکھیں گے۔دوست بتاتے ہیں کہ اگلے دن تار پہنچ گئی کہ جماعت نے میرے ہاتھ پر بیعت کر لی ہے۔اس پر کہنے لگا۔یارو تم بڑے عجیب لوگ ہو تمہارا کوئی پتا نہیں لگتا۔(ماخوذ از نبوت اور خلافت اپنے وقت پر ظہور پذیر ہو جاتی ہیں ، انوار العلوم جلد 18 صفحہ 242) مانا پھر بھی نہیں۔تو اب بھی یہی کہتے ہیں اور اسی وجہ سے ان میں حسد کی آگ مستقل لگی ہوئی ہے جیسا کہ میں پہلے بھی بعض دفعہ بتا چکا ہوں کہ انتخاب خلافت خامسہ کے وقت ایک مولوی صاحب کہنے لگے کہ سارا کچھ نظارہ میں نے دیکھا ہے۔لگتا تو یہی ہے کہ اللہ تعالیٰ کی فعلی شہادت تم لوگوں کے ساتھ ہے لیکن یہ نشان دیکھ کر بھی ماننے کے بجائے حسد اور مخالفت اور بغض میں بڑھتے چلے جارہے ہیں۔بہر حال اللہ تعالیٰ تو خلافت سے وابستہ جماعت کو ترقی دے رہا ہے۔جماعتیں دنیا میں پھیل رہی ہیں اور دور دراز ملکوں میں بیٹھے ہوئے بھی خلافت سے وفا کا تعلق رکھے ہوئے ہیں اور اس میں بڑھتے چلے جارہے ہیں۔اللہ تعالیٰ خلافت اور جماعت سے جڑنے والوں کی رہ نمائی بھی فرماتا ہے اور ان کو خود اس خلافت کی طرف لے کر بھی آتا ہے۔کس طرح لے کر آتا ہے؟ اس کی ایک دو مثالیں میں پیش کر دیتا ہوں۔جیسا کہ مولوی صاحب نے کہا تھا کہ اللہ تعالیٰ کی فعلی شہادت تمہارے ساتھ ہے تو اللہ تعالیٰ کی فعلی شہادت کے ساتھ ہونے کی ایک مثال یہ ہے اور یہ اس لیے ہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے حقیقی غلام ہم ہیں اور اللہ تعالی کی حقیقی تعلیم ، اصل تعلیم کو ہم دنیا میں پھیلا رہے ہیں۔گنی بساؤ ایک دور دراز ملک ہے۔وہاں کی ایک معمر خاتون ہیں کہتی ہیں کہ