جس کہانی کے اَوراق اس وقت میرے سامنے بکھرے ہوئے ہیں وہ لذت آفریں کے بجائے درد انگیز ۔ اور دلربا سے کہیں زیادہ دل دوز و دل سوز ہے۔ یہ ستم ضریفی بھی کس قدر سوہانِ روح ہے۔ کہ جس گل پوش وادی کا ذکر کرتے وقت اس کے نام سے پہلے ’’جنت نظیر‘‘ کا اضافہ کرنے کے بعد بھی اُس کے جمالیاتی تعارف کا حق ادا نہیں ہوتا اُسی وادی کے باشندوں کا ماضی اور حال دونوں اس قدر کرب آفریں ہیں کہ انہیں مظلوم و مقہور کہہ کر بھی اُن کی بے بسی و کم پرسی کی صحیح کیفیت بیان نہیں ہو پاتی بلکہ اگر میں یہ بھی کہہ دوں تو خلاف واقعہ اور نامناسب نہ ہوگا کہ قیام پاکستان اور ریاست (جم...
more