عالمی بحران اور امن کی راہ — Page 25
وطن سے محبت کے متعلق اسلامی تعلیمات بسم الله الرحمن الرحیم السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ ! سب سے پہلے میں آپ سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ آپ نے مجھے اپنے ہیڈ کوارٹرز میں دعوت دی اور کچھ کہنے کا موقع دیا۔جماعت احمدیہ مسلمہ کا سر براہ ہونے کی حیثیت سے میں اسلامی تعلیمات پر کچھ بیان کروں گا۔یہ مضمون اس قدر وسیع ہے کہ ایک تقریب یا مختصر وقت میں اس کا احاطہ ناممکن ہے۔لہذا میں اپنی گفتگو اسلام کے صرف ایک پہلو تک محدود رکھوں گا۔میں سوچ رہا تھا کہ اسلام کے کس پہلو پر بات کروں تو جرمنی کے امیر مکرم عبد اللہ واگس ہاؤ ذ ر صاحب کی طرف سے ایک تجویز موصول ہوئی کہ وطن سے وفاداری اور محبت کے بارہ میں اسلامی تعلیمات پر بات کی جائے۔چنانچہ مجھے فیصلہ کرنے میں آسانی ہو گئی۔اب میں مختصرا اس بارہ میں اسلامی تعلیمات آپ کے سامنے رکھتا ہوں۔وطن سے وفاداری اور محبت کہنا یا سننا بہت آسان ہے لیکن در حقیقت یہ چند الفاظ اپنے اندر بہت وسعت ، خوب صورتی اور گہرائی سمیٹے ہوئے ہیں۔ان الفاظ کے معانی اور تقاضوں کو سمجھنا دراصل بہت مشکل ہے۔بہر حال اس مختصر سے وقت میں میں وطن سے وفاداری اور محبت کے متعلق اسلامی نقطہ نظر پیش کرنے کی کوشش کروں گا۔اسلام کی سب سے پہلی اور بنیادی اصل یہ ہے کہ کسی شخص کے قول وفعل میں کسی بھی قسم کا تضاد یا منافقت نہ پائی جائے۔حقیقی وفاداری ایک مخلصانہ تعلق کی متقاضی ہوتی ہے۔نیز یہ کہ انسان کا ظاہر اور باطن ایک ہو۔