اُردو کی کتب (کتاب سوم)

by Other Authors

Page 50 of 111

اُردو کی کتب (کتاب سوم) — Page 50

اُردو کی کتاب سوم : لوگوں نے مجھے ایک بہت ہی اچھے آدمی کا پتہ بتایا خدا اسے جزائے خیر دے اس نے اسی وقت میری رقم دلا دی۔رؤسائے قریش کے منہ میں زبان بند تھی اور وہ ایک دوسرے کی طرف حیران ہو کر دیکھ رہے تھے۔جب اراشہ چلا گیا تو انہوں نے اس آدمی سے دریافت کیا جو اراشہ کے پیچھے پیچھے ابو جہل کے مکان تک گیا تھا کہ کیا قصہ ہوا ہے۔اس نے کہا واللہ میں نے تو ایک عجیب نظارہ دیکھا ہے اور وہ یہ کہ جب محمد (صلی اللہ علیہ وسلم) نے جا کر ابوالحکم کے دروازہ پر دستک دی اور ابوالحکم نے باہر آ کر محمد کو دیکھا تو اس وقت اس کی حالت ایسی تھی کہ گویا ایک قالب بے روح ہے اور جونہی اسے محمد (صلی اللہ علیہ وسلم ) نے کہا کہ اس کی رقم ادا کر و اُسی وقت اس نے اندر سے پائی پائی لا کر سامنے رکھ دی۔تھوڑی دیر کے بعد ابو جہل بھی اس مجلس میں آپہنچا اسے دیکھتے ہی سب لوگ اس کے پیچھے ہو لئے کہ اے ابو الحکم تمہیں کیا ہو گیا تھا کہ محمدؐ سے اس قدر ڈر گئے اُس نے کہا خدا کی قسم ! جب میں نے محمد کو اپنے دروازے پر دیکھا تو مجھے یوں نظر آیا کہ اُس کے ساتھ لگا ہوا ایک مست اور غضبناک اونٹ کھڑا ہے اور میں سمجھتا تھا کہ اگر ذرا بھی چوں و چرا کروں گا تو وہ مجھے چھا جائے گا۔(بحوالہ سیرۃ خاتم النبین صفحہ ۱۶۳)