تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد ہفتم۔ 1985 تا 1987) — Page 399
تحریک جدید - ایک الہی تحریک۔۔۔جلد هفتم اقتباس از خطبه جمعه فرموده 08 اگست 1986ء اس لئے کہ آپ وہ بادل ہیں، جو آج دنیا میں مردہ زمینوں کو زندہ کرنے کے لئے خدا کی پاک ہواؤں نے چلائے ہیں۔بادلوں کی طرح رحمت بن کر دنیا پہ برستے رہیں اور اس رحمت کا اس سے بہتر کوئی تعارف نہیں ہو سکتا کہ قرآن ایک ہاتھ میں ہو اور حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت ، آپ کی جان ، آپ کی زندگی، آپ کے وجود کے انگ انگ میں گھلی ہوئی ہو۔اور اس طرح عمل صالح کے ساتھ اپنے نیک پیغام کو اور نیک کلام کو رفعتیں عطا کرتے رہیں۔خدا کرے کہ ایسا ہی ہو ، آمین۔وو خطبہ ثانیہ کے دوران حضور نے فرمایا:۔سیرت کے مضمون کے سلسلہ میں ایک بات کہنی بھول گیا تھا، اب مجھے یاد آئی کہ ہم نے مغربی مفکرین کے اعتراضات مرتب کر لئے ہیں۔یہ کام جاری ہے اور بھی ہوتے رہیں گے۔اور خیال یہ ہے کہ ان سیرت کے جلسوں میں جہاں تک مغربی دنیا کا تعلق ہے، ان اعتراضات کو بھی پیش نظر رکھ کر ان کے اچھے جواب تیار ہونے چاہیں۔اور ہر ملک میں الگ الگ کوشش ہوتی رہے۔مثلاً فرانس کی جماعت خصوصاً فرانس کے مستشرقین کے گندے اعتراضات کو پیش نظر رکھ کر وہاں ان کے جواب دے، سیرت کے جلسوں میں۔اور انگلستان کی جماعت انگریز مستشرقین کے سوالات کو یا اعتراضات کو پیش نظر رکھے خصوصیت کے ساتھ۔اسی طرح جرمن ہیں، ڈچ ہیں، امریکن ہیں، جتنے مستشرقین ہیں، کہیں انہوں نے کھلی کھلی خباثت کا اظہار کیا ہے، کہیں دبی دبی خباثت کا اظہار کیا ہے، کبھی کبھی میٹھے میں کڑواہٹ لپیٹ کر پیش کی ہوئی ہے تو جہاں تک ہمارے پاس یہ اعتراض مرتب ہو چکے ہیں، ان کو چھپوا کے یا فوٹوسٹیٹ نکلوا کر بڑی بڑی جماعتوں میں تقسیم کرا دیئے جائیں گے۔تاکہ مختلف اہل علم کے سپرد کر کے سال بھر کے پروگرام میں ضروری نہیں کہ اکٹھا ایک ہی دفعہ ہو۔مختلف جتنے بھی جلسے ہوں گے، ان میں کوئی نہ کوئی اعتراض لے کر ان کا مؤثر جواب ہو۔اور جو جواب تیار کیا جائے ، وہ پہلے ایک مرکزی کمیٹی کو دکھالیا جائے۔جو مبلغ یا مربی کے زیر نگرانی ہوگی یا امیر جماعت کی زیر نگرانی ہوگی۔اور وہ اپنے دوسرے ماہرین کی کمیٹی میں ان کو دیکھیں اور اس میں مزید اصلاح کریں، خامیوں کو دور کریں اور پھر وہ تقریر یا پڑھی جائے یا زبانی کی جائے، جیسی بھی صورت ہو۔اور باقی جگہ دنیا میں اگر کوئی ایسے اعتراض یا غلط فہمیاں ہیں ، حضرت اقدس محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات سے متعلق، جو زیادہ تر مقامی حالات سے تعلق رکھتی ہیں تو ان کا ذکر ضروری ہے اور ان کا موثر جواب ضروری ہے۔مطبوعہ خطبات طاہر جلد 15 صفحہ 539 550) 399