تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد ششم۔ 1982 تا 1984)

by Hazrat Mirza Tahir Ahmad

Page 561 of 1012

تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد ششم۔ 1982 تا 1984) — Page 561

تحریک جدید- ایک الہی تحریک خطبه جمعه فرمودہ 30 ستمبر 1983ء اسلام کی جو آزادی ہے، وہ دراصل اللہ کی غلامی میں ہے خطبہ جمعہ فرمودہ 30 ستمبر 1983ء تشہد وتعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد فرمایا:۔"آج کا دن جماعت احمدیہ کی تاریخ میں اور آسٹریلیا کی تاریخ میں ایک خاص اہمیت کا دن ہے۔کیونکہ ہم اللہ تعالیٰ کی ذات پر تو کل کرتے ہوئے ، آج انشاء اللہ تعالیٰ یہاں پہلی احمد یہ مسجد اور احمد یہ مشن ہاؤس کی بنیاد رکھیں گے۔یہ دن جہاں بے حد برکتوں کا حامل دن ہے، اللہ تعالیٰ کے بہت سے فضل اس دن نازل ہوں گے ، ان کے اثرات خدا تعالیٰ کے فضل ہی کے ساتھ بہت دیر تک ہم دیکھتے رہیں گے، وہاں اس کے ساتھ ہی یہ دن بہت سی ذمہ داریوں کی طرف بھی توجہ دلاتا ہے۔خصوصیت کے ساتھ وہ احمدی، جو آسٹریلیا کو اپناوطن بنا چکے ہیں، ان پر بہت سی ذمہ داریاں عائد ہونے والی ہیں۔ان کو قبول کرنے کے لئے آسٹریلین احمدی دوستوں کو پوری طرح تیار ہو جانا چاہئے۔آسٹریلیا ایک ایسا ملک ہے، جس میں دہریت اور مادہ پرستی یورپ کے بہت سے دوسرے ملکوں سے بھی زیادہ ہے۔شاید مشرق میں رہتے ہوئے یہاں کے لوگوں میں یہ احساس کمتری پیدا ہو گیا کہ جب تک ہم دنیا پرستی میں سب سے آگے نہیں نکلیں گے، اس وقت تک اس غلط فہمی سے بچ نہیں سکتے کہ ہم مشرقی لوگ نہیں۔اس لئے ہر وہ قدر، جو انسان کو خدا سے دور لے جاتی ہے، ہر وہ رجحان، جس سے روحانیت کا انکار ہوتا ہے، وہ اس قوم میں پایا جاتا ہے۔یہاں آنے سے پہلے مجھے اس کا اتنا گہرائی کے ساتھ اندازہ نہیں تھا، جتنا اب ہوا ہے۔چنانچہ یہاں آکر ان کا معاشرہ دیکھا، ان سے گفتگو کا موقع ملا تو مجھے یہ معلوم ہوا کہ دنیا کے کسی ملک میں بھی سوائے سکنڈے نیوین میں سے بعض ملکوں کے، اتنی زیادہ دہریت اور مادہ پرستی نہیں پائی جاتی۔اس ملک میں جو احمدی موجود ہیں، ان کی بھی کسمپرسی کی حالت ہے۔مرکز سے دوری ، احمد یہ مشن کا نہ ہونا اور تعداد کی کمی، یہ سارے ایسے محرکات ہیں، جنہوں نے ان پر بداثر ڈالا ہے۔اس میں کوئی شک نہیں کہ اس کے باوجود خدا تعالیٰ کے فضل سے یہاں ایسے مخلصین موجود ہیں، مرد بھی اور عورتیں بھی، 561