تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد ششم۔ 1982 تا 1984) — Page 439
تحریک جدید - ایک الہی تحریک پیغام بنام احباب جماعت احمد یہ عالمگیر صد سالہ احمد یہ جوبلی منصوبہ کے قیام کا مقصد غلبہ اسلام کی مہم کو تیز کرنا پیغام بنام احباب جماعت احمد یہ عالمگیر الله الرحمان الرحيم نحمده ونصلى على رسوله الكريم وعلى عبده المسيح الموعود خدا کے فضل اور رحم کے ساتھ میرے عزیز بھائیو اور بہنو! هو الناصر السلام عليكم ورحمة الله وبركاته یکم مارچ 1983ء سے صد سالہ احمد یہ جوبلی فنڈ اپنے دسویں مرحلہ میں داخل ہو چکا ہے۔نویں سال کے آخر تک وعدہ جات کا 9/15 حصہ یعنی 60 فیصد ادا ہو جانا چاہئے تھا۔لیکن دفتر کی طرف سے جو اعداد و شمار ملے ہیں، اس کے مطابق ابھی تک وصولی 35 فیصد ہوئی ہے، جو انتہائی قابل فکر ہے۔صد سالہ احمدیہ جوبلی منصوبہ کے قیام کا مقصد غلبہ اسلام کی مہم کو تیز کرنا اور بنی نوع انسان کو امت واحدہ بنا کر توحید کے جھنڈے تلے جمع کرنا ہے۔جس کی ذمہ داری ہمارے کمزور کندھوں پر ڈالی گئی ہے۔اور اس مقصد کے حصول کے لئے ہمیں ہر قسم کی مالی، جانی اور جذباتی قربانیاں دینی ہوں گی۔جو اخراجات درپیش ہیں، وہ اس نوعیت کے ہیں کہ وعدوں کی پوری وصولی کو آخری سال یعنی 1989ء تک مؤخر نہیں کیا جاسکتا۔اگر تاخیر ہو جائے تو خطرہ ہے کہ بعض بنیادی اہم ضرورت کے کام تشنہ تکمیل رہ جائیں گے۔لیکن اس وقت وصولی کی جو شکل سامنے آئی ہے، وہ انتہائی فکر انگیز ہے۔میں عالمگیر جماعت احمدیہ کو تحریک کرتا ہوں کہ اس ضمن میں اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں، سابقہ کوتاہیوں کو دور کریں اور کوشش کریں کہ 29 فروری 1984 ء تک اپنے بقایا وعدہ کا کم از کم 1/4 حصہ ادا کر دیں۔439