تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد ششم۔ 1982 تا 1984)

by Hazrat Mirza Tahir Ahmad

Page 315 of 1012

تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد ششم۔ 1982 تا 1984) — Page 315

تحریک جدید - ایک الہی تحریک وو 23 اقتباس از خطاب فرموده 27 دسمبر 1982ء اسلام کا زندہ ہونا ، ہم سے ایک فدیہ مانگتا ہے خطاب فرمودہ 27 دسمبر 1982ء بر موقع جلسہ سالانہ جلسہ سالانہ کے دوسرے دن کی تقریر عموماً جماعت احمدیہ کی کاروائی کی مختصر رپورٹ پر مشتمل ہوتی ہے۔اور خصوصیت کے ساتھ اللہ تعالیٰ کے ان بے انتہا فضلوں اور احسانوں کا ذکر کیا جاتا ہے، جو دوران سال بارش کی طرح جماعت احمدیہ پر نازل ہوتے ہیں۔پھر کچھ ایسے منصوبے بھی پیش کیے جاتے ہیں اور ایسے کاموں کی طرف بھی توجہ دلائی جاتی ہے، جن کو آئندہ سال خصوصیت کے ساتھ جماعت احمدیہ کا مطمع نظر بنانا مقصود ہوتا ہے۔حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلواۃ والسلام کے ملفوظات کا انگریزی ترجمہ، جو محترم چوہدری ظفر اللہ خان صاحب نے کیا تھا اور جو Essence of Islam کے نام سے لنڈن مشن کی طرف سے شائع ہوا ہے، یہ بھی اس سال کے غیر معمولی نمایاں کاموں میں داخل ہے۔اس سلسلے میں جماعت عرصے سے یہ کمی محسوس کر رہی تھی کہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کی کتب کی اشاعت کی طرف اتنی توجہ نہیں ، جتنی ان کی طلب اور مانگ ہے۔جماعت کے سامنے کچھ دقتیں بھی ہیں، وہ اپنی جگہ درست ہوں گی۔لیکن جب دوسری کتابیں شائع ہوتی ہیں تو حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کی کتب کی اشاعت میں جو دقتیں ہیں، وہ بھی اسی توجہ اور محنت کے ساتھ دور ہونی چاہیں۔چنانچہ آپ کو یہ معلوم کر کے خوشی ہوگی کہ اس سلسلے میں نظارت اشاعت لٹریچر و تصنیف نے دو بہت ہی اچھے منصوبے تیار کئے ہیں۔ایک تو یہ کہ حضرت مسیح علیہ الصلوۃ والسلام کی تمام کتب کو از سر نو اس طرح شائع کیا جائے گا کہ ہر کتاب کم و بیش ایک ہی برابر جلد میں ہو۔یعنی جلدوں میں اتنا تفاوت نہ ہو کہ وہ بدزیب لگیں۔اشاعت کا یہ منصوبہ صرف پاکستان سے تعلق نہیں رکھتا بلکہ ساری دنیا سے تعلق رکھتا ہے۔اس کے لئے میں یورپ میں بھی تحریک کر آیا ہوں۔امریکہ بھی تحریک بھجوائی گئی ہے۔انڈونیشیا کے احمدی بھی متوجہ ہوں کہ تمام دنیا کی طرف سے پہلے مانگ آنی چاہئے۔جو دوست حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کی کتب کے مکمل سیٹ خریدنا چاہتے ہیں، وہ اپنے اپنے مشن کی معرفت اپنی طلب بھجوائیں۔اور اگر ممکن ہو تو پہلے وہاں پیسے جمع کروائے جائیں۔315