تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد ششم۔ 1982 تا 1984) — Page 118
پیغام بر موقع سالانہ اجتماع مجلس خدام الاحمدیہ بھارت تحریک جدید - ایک الہی تحریک میں خدا تعالیٰ کی طرف سے سپرد کئے گئے کام کی وسعت اور ہمہ گیری اور اپنی بے بسی اور بے بضاعتی کا احساس شدت سے ہوتا رہا۔آج دنیا کے ہر خطے اور ہر ملک اور ہر گوشے سے خدمت اسلام کے نئے نئے تقاضے ہمیں اپنی طرف بلا رہے ہیں۔یہ تقاضے ہر آن اور ہر ساعت اپنی وسعت اور اپنی شدت میں بڑھتے جارہے ہیں۔یہ تقاضے ہم سے اپنے نفوس کی اصلاح کا مطالبہ کرتے ہیں۔ہم سے اپنے مال ، اپنے وقت اور اپنی جان کی قربانی مانگتے ہیں۔پس اس اجتماع کے موقع پر میں آپ کو اس طرف توجہ دلانا چاہتا ہوں کہ خدمت اسلام کی اس عظیم مہم کے لیے اپنے آپ کو تیار کریں۔تقویٰ کی راہ پر قدم ماریں۔دنیا کی لذتوں پر فریفتہ مت ہوں کہ وہ خدا سے جدا کرتی ہیں۔خدا کے لئے تلخی کی زندگی کو اختیار کریں کہ وہ درد، جس سے خدا راضی ہو، اس لذت سے بہتر ہے، جو موجب غضب الہی ہو۔اپنے دلوں کو سیدھا کر کے اپنی زبانوں ، اپنی آنکھوں اور اپنے کانوں کو پاک کر کے اپنے خدا کی طرف آجائیں۔خدمت اسلام کا یہ عظیم بوجھ اٹھانا، ہمارے بس کی بات نہیں۔یہ ذمہ داری ہماری طاقت سے بڑھ کر اور یہ کام ہماری ہمت سے زیادہ ہے۔پس اپنے رب کے حضور جھکیں اور اپنی راتوں کو زندہ کریں۔اسی سے مدد مانگیں اور اسی کی نصرت کے طالب ہوں۔اور یہ یقین رکھیں کہ جو مانگتا ہے، اسے دیا جاتا ہے اور جو دروازہ کھٹکھٹاتا ہے، اس کے لیے کھولا جاتا ہے۔مضطرب دل اور تر آنکھوں کے ساتھ اپنے آقا و مالک کے حضور عرض کریں کہ اے ارحم الراحمین! جس کام کے لئے تو نے ہمیں کھڑا کیا ہے اور جس خدمت کے لئے تو نے ہمارے دلوں میں جوش پیدا کیا ہے، اس کو اپنے فضل سے انجام تک پہنچا اور ہمارے ہاتھوں سے مخالفین پر اور ان سب پر، جو اسلام کی خوبیوں سے بے خبر ہیں، اسلام کی حجت پوری فرما۔اے ہمارے قادر و قیوم خدا!! ہماری عاجزانہ دعائیں سن اور ہمیں وہ وقت دکھا کہ باطل معبودوں کی پرستش دنیا سے اٹھ جائے، زمین تیری پرستش سے بھر جائے اور تیرے رسول کریم محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کی عظمت اور سچائی دلوں میں بیٹھ جائے۔اے ہمارے قادر خدا!! ہمیں یہ تبدیلی دنیا میں دکھا اور ہماری دعائیں قبول کر کہ ہر ایک طاقت اور قوت تجھ ہی کو ہے۔والسلام خاکسار ( دستخط) مرزا طاہر احمد خليفة المسيح الرابع ( مطبوعه روزنامه الفضل 20 نومبر 1982ء بشکریہ ہفت روزہ بدر قادیان 11 نومبر 1982ء) 118