تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد چہارم ۔ 1965ء تا 1973ء) — Page 528
خطبه جمعه فرموده 19 جون 1970ء تحریک جدید - ایک الہی تحریک۔۔۔۔جلد چہارم شان ہے اس شخص کی۔یہ مقام نعیم کی شان اور عزت اور احترام ہے کہ اللہ تعالیٰ کہتا ہے کہ اس کے لئے میں نے تمہیں پیدا کیا۔اور اس کے حصول کی تمہیں کوشش کرنی چاہئے۔افریقہ کے دورہ میں واقفین مبشرین کے حالات میں نے دیکھے، ان سے ملا۔جو عزت اللہ تعالیٰ نے ان کی اس مقام نعیم کی وجہ سے قائم کی ہے، وہ میرے مشاہدہ میں آئی۔لیکن کچھ وہ بھی تھے کہ جو مقام نعیم کو حاصل نہیں کر سکے تھے۔ان کو بھی میں نے دیکھا اور ان کی زندگیوں کا مطالعہ کیا۔اور ان کے کاموں پر تنقیدی نگاہ ڈالی۔اللہ تعالیٰ کے فضل سے ان چھ ممالک کے تمام مبشر انچارج جو ہیں، وہ ظاہری طور پر جو مجھے نظر آیا ( دلوں کا حال تو اللہ تعالیٰ جانتا ہے اور مستقبل اور غیب کی خبر صرف اسی کو ہے۔لیکن جو میں نے محسوس کیا۔) اور جو میں نے مشاہدہ کیا، وہ یہ تھاکہ اللہ تعالیٰ کا ان پر بڑا فضل ہے۔میں سمجھتا ہوں کہ وہ بھی اس مقام نعیم میں رہنے والے ہیں۔بے نفس، اللہ کی محبت میں مست ، اس کی مخلوق کی خدمت کرنے والے اور اللہ تعالی کے حکم سے اس دنیا میں بھی عزت کو پانے والے ہیں۔نائیجیریا میں فضل الہی صاحب انوری ہیں۔غانا میں کلیم صاحب ہیں۔آئیوری کوسٹ میں قریشی ( محمد افضل ) صاحب ہیں۔جن کو پنجابی میں بیبا مبشر بھی کہا جا سکتا ہے۔بہت سادہ اور پیاری ان کی طبیعت ہے۔بڑی پیار کرنے والی اور آرام سے سمجھانے والی اور اپنے آرام کو اور اپنی بہت سی ضرورتوں کو دوسروں کے لئے قربان کر دینے والی ہے طبیعت ان کی۔لائبیریا میں نئے مبلغ گئے ہیں، امین اللہ سالک۔ابھی ان کے متعلق پوری طرح تو کوئی فیصلہ نہیں کیا جا سکتا لیکن اس وقت تک جو کام انہوں نے کیا، اس سے یہی پتہ لگا۔وہاں کے پریذیڈنٹ شب مین بھی ان کو بڑی عزت اور احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔سیرالیون میں ہمارے صدیق صاحب ہیں۔گیمبیا میں مولوی محمد شریف صاحب ہیں۔میں نے محسوس کیا کہ ان سب کو اللہ تعالیٰ نے مقام نعیم عطا کیا ہے۔اور جس طرح اللہ تعالیٰ کی نگاہ میں ، میں نے ان کے لئے عزت کا مقام دیکھا ، اسی طرح دنیا کی نگاہ میں بھی اللہ تعالیٰ نے ان کو ایک عزت اور احترام کا مقام عطا کیا ہے۔ہمارے سفراء ان کی تعریف کرتے تھکتے نہیں۔دوسرے ملکوں کے سفراء ان سے بڑے پیار سے ملتے ہیں اور پیار کے تعلقات ان کے ساتھ قائم ہیں۔حکومت ان سے راضی ہے، عوام ان پر خوش ہیں۔غرض ہر لحاظ سے ان کے چہروں پر اللہ تعالیٰ کی نعمت کی شادابی ہمیں نظر آتی ہے۔اور ہماری جماعت کو ان کے لئے بہت دعا ئیں کرنی چاہئیں۔اللہ تعالیٰ ہمیشہ انہیں ابرار ہی میں رکھے اور ہمیشہ اپنی نعمتوں کا وارث انہیں بنا تار ہے۔وہ ابرار کے گروہ میں ہی اس دنیا سے رخصت ہوں اور ابرار کے گروہ میں ہی اس دنیا میں وہ اٹھائے جائیں۔528