تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد سوم۔ 1948 تا 1964) — Page 638
خطبہ جمعہ فرموده 26 اکتوبر 1956ء تحریک جدید - ایک الہی تحریک۔۔۔۔جلد سوم پس میں تمام دوستوں کو تحریک کرتا ہوں کہ وہ تحریک جدید کے نئے سال میں بڑھ چڑھ کر وعدے لکھوائیں اور پھر انہیں سو فیصدی پورا کریں۔مجھے پچھلے ہفتہ میں خدام میں بھی تقریریں کرنی پڑی ہیں اور اب انصار اللہ کے اجتماع میں بھی جانا ہے، اس لئے میں کوئی لمبی تقریر نہیں کر سکتا۔مختصر طور پر دوستوں کو توجہ دلاتا ہوں کہ یہ ثواب حاصل کرنے کے دن ہیں۔تم ثواب حاصل کر لو اور پھر یہ ایسے دن ہیں کہ تمہارے بعد میں آنے والے نسل در نسل اس پر فخر کریں گے۔اور خدا تعالیٰ کی برکتیں تم پر نازل ہوں گی۔اگر آج تم اسلام کی خاطر قربانی کرتے ہو تو تم اپنی آئندہ نسل کے لئے قربانی کا رستہ کھولتے ہو اور پھر اس کی نسل کے لئے اور پھر اس نسل کی نسل کے لئے رستہ کھولتے ہو۔اور اس طرح سو پشت تک تمہاری نسل خدا تعالی کی برکات کی وارث ہوتی چلی جائے گی۔اس تمہید کے ساتھ میں خدا تعالیٰ پر بھروسہ کرتے ہوئے تحریک جدید کے نئے سال کا اعلان کرتا ہوں۔تم یہ مت خیال کرو کہ یہ بوجھ تمہاری طاقت سے بالا ہے۔تم ہمت کر کے آگے آؤ اور بے دریغ اپنی جانوں اور اپنے مالوں کو قربان کرو۔اللہ تعالیٰ تمہاری محنتوں کے نتائج میں برکت دے گا اور تمہیں اپنے انعامات سے حصہ دے گا۔میں اللہ تعالیٰ سے دعا کرتا ہوں کہ وہ تمہیں اس کی توفیق عطا فرمائے تمہارے حوصلوں کو بلند کرے اور جماعت کی تعداد کو بھی زیادہ کرے تا تمہارے اور بھائی بھی آگے آئیں اور اس بوجھ کو اٹھانے کے قابل ہوں۔اس وقت ہمارے صرف چالیس پچاس مبلغ غیر ممالک میں کام کر رہے ہیں۔خدا کرے تم اپنی زندگیوں میں دیکھ لو کہ ان کی تعداد لاکھوں تک ہوگئی ہے اور کروڑوں کروڑ عیسائی احمدیت میں داخل ہورہے ہیں اور اسلام اور محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی عزت لوگوں کے دلوں میں پیدا ہورہی ہے۔مطبوعه روزنامه الفضل 06 نومبر 1956 ء ) 638