تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد سوم۔ 1948 تا 1964) — Page 501
تحریک جدید - ایک الہی تحریک جلد سوم خلاصہ تقریر فرموده 29 جون 1955ء ہمارے خدا نے ہمارا یہ فرض قرار دیا ہے کہ ہم دنیا بھر میں اسلام کو پھیلائیں تقریر فرمودہ 29 جون 1955ء ہالینڈ کی جماعت نے حضور کے اعزاز میں ایک استقبالیہ دیا ، جس میں تقریباً ڈیڑھ سو کے قریب مقامی معززین کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔اس تقریب میں حضور نے انگریزی میں ایک بصیرت افروز تقریر فرمائی ، جس کے ترجمہ کا خلاصہ درج ذیل ہے۔فرمایا:۔۔۔۔۔ہم سب ایک ہی خدا کے بندے ہیں۔اس لئے جو نیک کام ہمارے دوسرے بھائی کرتے ہیں، وہ ہم بھی کر سکتے ہیں۔ہالینڈ کے احمدیوں کو اس بات کا حریص ہونا چاہیے کہ وہ اخلاص اور قربانی میں کسی لحاظ سے بھی اپنے پاکستانی بھائیوں سے پیچھے نہ رہیں۔یہ مسجد پاکستان کی احمدی مستورات کے چندہ سے بنائی گئی ہے۔شاید یہی وجہ ہے کہ ہالینڈ میں اللہ تعالیٰ نے متعدد خواتین کو بھی قبول اسلام کی تو فیق عطا فرمائی ہے اور وہ سب بہت مخلص ہیں۔ہمیں محض اس بات پر مطمئن نہیں ہونا چاہیے کہ ہم نے ڈچ زبان میں یا بعض اور زبانوں میں قرآن پاک کے تراجم شائع کئے ہیں اور ہیگ میں مسجد تعمیر کی ہے۔حقیقت یہ ہے کہ اگر ہم اپنی ان ذمہ داریوں پر نظر ڈالیں، جو اللہ تعالیٰ نے ہم پر عائد کی ہیں تو ہمیں اپنی ان حقیر کوششوں پر شرم محسوس ہوتی ہے۔ہمارے خدا نے ہمارا یہ فرض قرار دیا ہے کہ ہم دنیا بھر میں اسلام کو پھیلائیں۔دنیا کی سب زبانوں میں قرآن مجید کے تراجم شائع کریں اور ہر ملک اور ہر علاقہ میں جگہ جگہ مساجد تعمیر کریں۔اگر ہم عیسائیوں کی ان کوششوں کو دیکھیں، جو وہ انجیل اور بائبل کی اشاعت کے متعلق کر رہے ہیں تو ہمیں محسوس ہو گا کہ ان کے مقابلہ میں ہماری کوششوں اور قربانیوں کی مقدار بہت کم ہے۔ہر سچے مسلمان اور احمدی کا فرض ہے کہ وہ دنیا میں اسلام کی تبلیغ و اشاعت کے لئے ہر ممکن کوشش کرے۔اور اس امر کو ہمیشہ مد نظر رکھے کہ خدائے واحد کے پیغام کو دنیا کے سب لوگوں تک پہنچانا، اس کا مقصد اور نصب العین ہے“۔مطبوعه روز نامہ الفضل 10 جولائی 1955 ء ) 501