تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد سوم۔ 1948 تا 1964)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 197 of 802

تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد سوم۔ 1948 تا 1964) — Page 197

تحریک جدید - ایک الہی تحریک جلد سوم اقتباس از تقریر فرموده یکم جون 1951ء خدا تعالیٰ کی محبت میں مرنے والے کو وہ ہمیشہ کے لئے زندہ کر دیتا ہے تقریر فرمودہ یکم جون 1951ء اصل شہید وہ لوگ ہیں، جو خدا تعالیٰ کی محبت میں مارے جاتے ہیں۔اور وہ شخص جو خدا تعالی کی محبت میں مرتا ہے، وہ مرنے کے باوجود بھی نہیں مرسکتا۔جس شخص نے خدا تعالیٰ کے لئے موت قبول کی، چاہے تلوار کے ذریعہ کی ، چاہے دین کی اشاعت کرتے ہوئے کی، چاہے دنیا کی مصیبتوں اور آفات کا مقابلہ کرتے ہوئے کی ، خدا تعالٰی کی غیرت یہ کبھی برداشت نہیں کر سکتی کہ وہ جس نے اس کے لئے موت برداشت کی ہے، وہ اسے مرا ر ہنے دے۔وہ اسے زندگی دیتا ہے اور ہمیشہ کے لئے زندہ کر دیتا ہے۔پس اس روح کے ساتھ خدا تعالیٰ کے دین کی تبلیغ کرو، اس ارادہ کے ساتھ خدا تعالیٰ کے دین کی اشاعت کے لئے نکلو کہ اس نے اپنے دین کو قائم کرنے کے لئے صرف تم کو چنا ہے۔تم بھول جاؤ، اس بات کو کہ دنیا میں کوئی اور انسان بھی ہے۔تم بھول جاؤ، اس بات کو کہ دنیا میں کوئی اور ملک بھی ہے۔تم بھول جاؤ، اس بات کو کہ دنیا میں کوئی اور قوم بھی ہے۔تم صرف ایک بات کو یاد رکھو کہ خدا تعالیٰ نے کام کرنا تمہارے سپرد کیا ہے۔خدا تعالیٰ نے اس عظیم الشان منصب کے لئے تمہیں اور صرف تمہیں چنا ہے۔جب تم اس حقیقت کو سمجھ لو گے تو دین تمام خطروں سے محفوظ ہو جائے گا۔اور اگر کسی ایک جگہ دین کی شمع کو بجھایا جائے گا تو تم فوراً ایک دوسرے مقام پر اس شمع کو روشن کرو گے۔اگر شیطانی طاقتوں میں ایک زندگی پائی جاتی ہے تو کوئی وجہ نہیں کہ مومنوں کے اندر اس سے بڑھ کر زندگی نہ ہو۔میں نے ایک دفعہ رویا میں دیکھا کہ ہمارے گھر میں ایک سوراخ میں سے آگ کا ایک شعلہ نکلا ، میں اسے بجھانا چاہتا ہوں تو معا دوسری جگہ سے ایک اور شعلہ نکلنا شروع ہو جاتا ہے۔میں اس کی طرف دوڑتا ہوں تو تیسری جگہ سے آگ نکلنی شروع ہو جاتی ہے۔آخر میں حیران ہو کر کھڑا ہو گیا کہ اب میں ان شعلوں کو کس طرح دباؤں ؟ اس وقت میں نے دیکھا کہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام تشریف لائے ہیں اور آپ ایک سوراخ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرماتے ہیں کہ محمود تم اس جگہ کو دباؤ۔میں نے اس جگہ پر اپنا ہاتھ رکھا تو تمام شعلے خود بخود بجھ گئے۔197