تذکرہ — Page 473
۱۳؍ مارچ۱۹۰۴ء ’’ تیرہ۱۳ مارچ ۱۹۰۴ء کو مَیں نے دیکھا کہ گویا ہولیوں کے دن ہیں۔بہت ہندو سیاہ کپڑے پہنے ہوئے ہولی میں مشغول ہیں۔چند بڑی مسجد میں جہاں مَیں کھڑا ہوں آئے ہیں۔پھر مَیں بازار کے اندر آیا ہوں اور غول کے غول ہندو سیاہ کپڑے پہنے ہوئے کھڑے ہیں۔ایک گروہ کے پاس جو مَیں جاتا ہوں تو کہتا ہوں خبردار مَیں مسلمان ہوں۔‘‘ (کاپی الہامات حضرت مسیح موعود علیہ السلام صفحہ۲۳) ۱۴؍مارچ ۱۹۰۴ء ’’ اِنَّ اللہَ مُعِیْنٌ عَلٰی کُلِّ شَیْءٍ۔‘‘۱؎ (کاپی الہامات حضرت مسیح موعود علیہ السلام صفحہ ۴۷) ۱۵ ؍مارچ۱۹۰۴ء ’’مَیں نے خواب میں دیکھا کہ مَیں نے اپنے مقدمہ میں دو معتبر آدمی حاکم کی طرف بھیجے ہیں اور پھر مَیں گیا ہوں اور جاکر پلنگ پر بیٹھ گیا ہوں اور اس وقت سلطان احمد میرے ساتھ ہے اور مَیں نے دیکھا کہ وہ دونوں فرستادہ میرے وہاں موجود ہیں اور ایک ہندو بیٹھا ہے جو مخالف ہے وہ دیکھتے ہی حاکم کو کہنے لگا کہ اَب مَیں جاتا ہوں۔‘‘ (کاپی الہامات حضرت مسیح موعود علیہ السلام صفحہ۲۴) ۲۶؍ مارچ۱۹۰۴ء روز شنبہ ’’ مَیں نے عبدالرحمٰن خان خلف نواب محمد علی خان صاحب کے لئے دعا کی۔صبح کے وقت بطور کشف مجھ پر ظاہر کیا گیا کہ رات کا وقت ہے اور کوئی کہتا ہے روشنی ہوگئی، روشنی ہوگئی۔پھر کوئی کہتا ہے کہ آسمان پر روشنی ہے۔جب مَیں نے آسمان پر نظر کی تو کیا دیکھتا ہوں کہ ایک یا دو لکیریں سُنہری رنگ کی آسمان پر شمالاً و جنوباًہیں پھر میری آنکھ کھل گئی۔‘‘ (کاپی الہامات حضرت مسیح موعود علیہ السلام صفحہ۴ ۲) ۲۷؍ مارچ۱۹۰۴ء ۱۔’’اِنَّ شَانِئَکَ ھُوَ الْاَ۔بْتَرُ۔‘‘؎۲ (کاپی الہامات حضرت مسیح موعود علیہ السلام صفحہ۵ ۲۔بدر جلد ۳ نمبر ۱۵ مورخہ ۱۶؍اپریل ۱۹۰۴ء صفحہ ۴) ۲۔’’بادشاہِ وقت پر جو تِیر چلاوے۔اُسی تِیر سے وہ آپ مارا جاوے۔‘‘ (کاپی الہامات حضرت مسیح موعود علیہ السلام صفحہ۵ ۲۔بدر جلد ۱ نمبر ۱۱ مورخہ۱۵؍جون ۱۹۰۵ء صفحہ ۲) ۳۱ ؍مارچ۱۹۰۴ء ’’خواب میں دیکھا کہ مَیں آگ کے پاس کھڑا ہوں اور دامن میرا آگ میں پڑگیا مگر آگ اس کو چھو بھی نہیں گئی۔بعد اس کے الہام ہوا۔خدا کا فضل خدا کی رحمت۔‘‘ (کاپی الہامات حضرت مسیح موعود علیہ السلام صفحہ۲۵) ۱ (ترجمہ از ناشر) اللہ تعالیٰ ہر امر میں مددگار ہے۔۲ (ترجمہ از ناشر) یقیناً تیرا دشمن ہی اَبتر رہے گا۔