تصدیق براھین احمدیہ

by Hazrat Hakeem Noor-ud-Deen

Page 54 of 307

تصدیق براھین احمدیہ — Page 54

تصدیق براہین احمدیہ ۵۴ مسلمانوں کے شیخ کو شیخ الہنود کہتے ہیں۔وَالْعِلْمُ عِندَ اللهِ۔مکذب نے تکذیب کے صفحہ ۷ امیں مرزا صاحب کا قول ” وہ (موجودہ آریہ مت ) بہ ہیئت مجموعی کسی قدیم ہندو مذہب میں نہیں جاتے، نقل کر کے شدت غضب سے سراسیمہ ہوکر عجب بے سروپا جواب دیا ہے حقیقت میں خوش فہمی کی داد دے دی ہے۔میرے نزدیک خفگی کا کوئی مقام نہیں۔اول تو اس لئے کہ مرزا صاحب فرماتے ہیں۔”ہندو مذہب میں نہیں جاتے“۔اور ہند و ہونے سے خود آپ کو اور آپ کے معاونین آریہ کو انکار ہے۔بلکہ تکذیب کے صفحہ ۱۳ میں ایک اپنے فاضل کا نکتہ لکھا ہے اور وہاں کہا ہے کہ ”جب تک ودیا کا زور اور ایجادوں کی ترقی ست دھرم کی طرف توجہ وید مقدس پر عمل درآمد رہا۔تو ہمات سے رستگاری ایک پر میشور کی پرستش رہی۔یہ ملک آریہ ورت اور اس کے باشندے آریہ یا آرج رہے۔مگر جب سے انہوں نے طوق غلامی پہنا، بت پرستی اختیار کی۔ہزاروں ، لاکھوں، کروڑوں کے آگے سر جھکانے لگے۔اصلی کتابوں پر نقلوں اور فسانوں یعنی ویدوں پر پرانوں کو ترجیح دی۔تب ہندو بن گئے اور ملک ہندوستان ہو گیا۔لاریب یہ نکتہ صحیح اور درست ہے۔تو پھر آپ کیوں ابھی اس ہندو قوم کو آریہ فرماتے ہیں۔۔ابھی تو بقول آپ کے بھی یہ ملک ہندوستان اور اس کے باشندے ہند و نظر آتے ہیں۔دوم علی العموم ہندوستانی آپ کے بھائی بند بُت پرست ہیں اور آپ کے پنتھ کے منکر ہیں بلکہ جین اور بدھ، ہند کے باشندے اس وید کے بھی منکر ہیں جسے آپ کلام الہی کہتے ہیں۔ہزاروں تو ہمات میں آپ کے برگزیدہ پھنسے ہوئے ہیں بلکہ تمام قوم ابھی تک قدیم بزرگوں کے نقش قدم پر چل رہی ہے۔تعلیم یافتہ ہندو جماعت لفظاً نہ سہی تو عملی طور پر وید کے خاصے منکر ہیں۔پس آپ غور کیجیئے۔یہ ملک ان معنوں کے بموجب جو آپ نے خود کئے ہیں کیونکر ا بھی آریہ ورت ہو سکتا ہے انصاف ! انصاف !! انصاف !!!