تصدیق براھین احمدیہ

by Hazrat Hakeem Noor-ud-Deen

Page 2 of 307

تصدیق براھین احمدیہ — Page 2

تصدیق براہین احمدیہ ہے۔کارخانہ قدرت کا کام چونکہ خبیر و علیم اور عزیز وحکیم کے صفات کا نتیجہ اور انہی کا اثر ہے۔اور اس واسطے ظہور پذیر ہے کہ اللہ تعالیٰ کی کاملہ صفات کا اقتضا پورا ہو اور وہ صفات منتج نتائج اور مثمر ثمرات ثابت ہوں نہ کمی اور برکار ! اس لئے ممکن ہی نہیں کہ بے وجہ اور بدوں حکمت ہو بلکہ ضرور یہ الہی کام بھی انواع و اقسام حکمتوں پر مبنی ہوگا اور ظاہر ہے کہ اختلاف اور تضاد کے وقت دونوں گروہ ایک دوسرے کے مغلوب کرنے میں اولوالعزمی سے کام لیتے ہیں۔پس ضرور ہے کہ ان میں سے ایک فتحیاب ہو اور دوسرا شکست پاوے۔گو ایک کی کامیابی اور دوسرے کی ناکامی کچھ دیر کے بعد اور دونوں کا فیصلہ بعضوں کو محنتی مجاہد غازی اور شہید اور بعض کو اسیر اور مقتول بنا دینے کے پیچھے ہی کیوں نہ ہو۔اور یہ بھی عیاں ہے کہ ان دونوں گروہوں کی لڑائی گو ہر زمانے میں نئے رنگ سے شروع ہوتی ہے دونوں نئے ، ان کی وردیاں نئی ، زبانیں نئی ہتھیار بھی نئے ہوتے ہیں۔مگر اصلی دعووں پر گہری نگاہ کرو تو وہی پرانے دعوے ہیں ہاں طرز بیان میں کچھ ایسی تراش و خراش ہو جاتی ہے کہ سرسری نگاہ والا ان دعووں کو نئے دعوے اور اثبات و نفی کے سوالوں اور جوابوں کو نئے سوال اور نئے جواب خیال کرتا ہے۔مگر متامل جانتا ہے کہ یہ وہی آدم اور شیطان والا پرانا جھگڑا ہے جو نئے رنگ سے رنگین کیا گیا ہے۔یہ امر بھی شاید فروگذاشت کے قابل نہ ہوگا کہ ان حملوں کے دیکھنے والے دو قسم کے لوگ ہوتے ہیں ، کمزور ، کم حوصلہ، نا تجربہ کار، یا قوی ، بلند حوصلہ اور تجربہ کار، گو پہلے گروہ کا یہی خیال ہوتا ہے کہ مومن اور سریشٹ آج نہ گرے تو کل پسپا ہوں گے۔کیونکہ یہ مقدس گروہ ابتدا میں بلحاظ اپنی سوسائٹی کے بہت ہی قلیل اور اس پر خر با اور ضعفا کا مجمع ہوتا ہے۔دنیاوی سامان کے لحاظ سے اس جماعت کے عام ممبر ابتدائی حالت میں بیچیر ز نظر آتے ہیں۔مال و منال اور حصص سلطنت میں اس گروہ کے اعضا کم قدردکھائی دیتے ہیں۔