تاریخ احمدیت (جلد 22)

by Other Authors

Page 513 of 818

تاریخ احمدیت (جلد 22) — Page 513

تاریخ احمدیت۔جلد 22 513 سال 1964ء نشست محترم پروفیسر سید وقار عظیم صاحب شعبه اردو دانش گاہ پنجاب کی زیر صدارت ٹھیک ۱۲ بجے شروع ہوئی۔اس نشست میں محترم شیخ ممتاز حسین صاحب صدر شعبہ اردو دانش گاه زراعت لائل پور، محترم خضر تمیمی صاحب ایڈووکیٹ لاہور اور مکرم سہیل بخاری صاحب سرگودھا نے بالترتیب اردو میں سائنسی تدریس، اردو میں قانونی تدریس اور اردو میں دخیل الفاظ کا مسئلہ کے موضوعات پر اپنے اپنے مقالے پڑھے۔صاحب صدر نے اردو بحیثیت تدریسی زبان کے موضوع پر اپنے خیالات کا اظہار فرمایا۔تعلیم الاسلام ہائی سکول نے کانفرنس میں شریک ہونے والے مندوبین کے اعزاز میں عصرانہ کا اہتمام کیا۔اس عصرانہ کے دوران سکول کے مختلف طلباء نے اردو زبان کے بارہ میں ایک دلچسپ مجلس مذاکرہ بھی منعقد کی اس پر محترم پروفیسر سید وقار عظیم صاحب اور محترم پروفیسر ڈاکٹر وحید قریشی صاحب نے طلباء کو خراج تحسین پیش کیا۔تیسری نشست بعد دو پہر چار بجگر پینتیس منٹ پر شروع ہوئی۔ڈاکٹر وحید قریشی صاحب صدر مقرر ہوئے۔اس نشست میں جامعہ احمدیہ کے تین غیر ملکی طلباء یوسف عثمان صاحب (افریقہ ) عبدالقاہر صاحب ( ترکستان) اور عبدالرؤف صاحب (جزیرہ نجی ) نے ” ہمیں اردو سے کیوں محبت ہے“ کے موضوعات پر مضمون پڑھے۔اور حاضرین کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا۔مہمانوں کے لئے یہ عجیب بات تھی کہ غیر ملکی باشندے ایسی شستہ اردو بول رہے ہیں اور جب تینوں طلبہ نے احمدیت کی برکات کا ذکر کیا تو حاضرین جھوم جھوم گئے۔ان کے بعد مکرم مولا نانسیم سیفی صاحب نے غیر ممالک میں احمدی اردو کی کیا خدمات انجام دے رہے ہیں" کے موضوع پر مقالہ پڑھا۔ازاں بعد محترم پروفیسر سید سجاد باقر رضوی شعبہ اردو، دانش گاہ پنجاب نے ادب اور زندگی کا رشتہ کے موضوع پر بڑا پیارا مقالہ پڑھا اور موضوع سے خوب خوب انصاف کیا۔محترم ڈاکٹر وحید قریشی صاحب نے صدارتی خطاب کی جگہ اپنا مقالہ اردو بحیثیت قومی زبان ارشاد فرمایا۔ان کے بعد سید سجاد باقر رضوی صاحب نے اپنی دو غزلیں پیش کیں۔معتمد مجلس استقبالیہ نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا اور اس طرح کالج کی پہلی کل پاکستان اردو کا نفرنس نہایت درجہ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔(حضرت) صاحبزادہ مرزا ناصر احمد صاحب صدر مجلس استقبالیہ ہمہ وقت اس کانفرنس میں موجود رہے اور منتظمین کو اپنی رہنمائی سے نوازتے اور مقالہ خواں حضرات کی حوصلہ افزائی فرماتے رہے۔101