تاریخ انصاراللہ (جلد 3)

by Other Authors

Page 755 of 1118

تاریخ انصاراللہ (جلد 3) — Page 755

۷۵۵ ماہنامہ انصار الله مجلس کے ترجمان ماہنامہ انصار اللہ کو اس کے اجراء سے ہی خاص اہمیت حاصل رہی ہے۔اس کا اجمالی تعارف اور اغراض و مقاصد کا تذکرہ تاریخ انصار اللہ جلد اوّل میں آچکا ہے۔مجلس کی تاریخ کے اس عرصہ کے دوران میں یہ ماہنامہ اپنے تمام اغراض و مقاصد پورا کرنے کیلئے کوشاں رہا جس کے لئے اسے جاری کیا گیا تھا۔سلسلہ احمدیہ کے علم کلام ، اعتقادات کی تشریح و توضیح اور انصار کی تعلیم وتربیت کی خاطر ماہنامہ انصاراللہ خدا تعالیٰ کے فضل سے نہایت مؤثر طور پر کام کرتا رہا۔حالات کی مجبوریوں کی وجہ سے گو مجلس انصار اللہ کی مساعی تو ماہنامہ کے اوراق کی زینت نہ بن سکیں لیکن تنظیم کے استحکام اور انصار کی علمی سطح کو بلند کرنے اور ان کی تعلیم و تربیت کے معیار کو آگے بڑھانے کے لئے ماہنامہ انصار اللہ نے حتی المقدور بھر پور کردار ادا کیا۔تربیت: ماہنامہ انصار اللہ کا بنیادی مقصد نہ صرف انصار بلکہ ہر عمر کے احمدی احباب کی علمی ، اخلاقی اور روحانی نشو و نما ہے تا کہ وہ ہر آنے والی نسل کیلئے مشعل راہ ثابت ہوں اور اخلاقی اقدار ہمیشہ زندہ رہیں جن کا احیاء حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی بعثت کے مقاصد میں سے ایک ہے۔چنانچہ ماہنامہ حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کے ارشادات امام الکلام“ کے عنوان سے اور خلفائے سلسلہ احمدیہ کے اقتباسات ” کلام الامام کے عنوان سے با قاعدہ شائع کرتا رہا۔اسی طرح حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے عربی اور فارسی منظوم کلام کے علم و عرفان کا مائدہ ہر ماہ پیش کیا جاتا رہا۔سیرت صحابہ کرام آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم و حضرت مسیح موعود علیہ السلام رسالہ کا مستقل عنوان رہی۔ماہنامہ کے اداریوں میں بزرگوں کا عمدہ نمونہ اور ان کے حسن کردار اور بعض اہم تربیتی موضوعات پر ایسا مواد پیش کیا جاتا رہا جس سے جماعتی تربیت پر گہرے مثبت اثرات مترتب ہوئے۔محبت الہی نماز با جماعت کی اہمیت، مالی قربانیاں اور خدمات، قرآن کریم کی عظمت ، تلاوت اور قرآن کریم سیکھنے کی اہمیت، مطالعہ کتب حضرت اقدس ، تربیت اولاد نیز عمومی تربیتی موضوعات پر بکثرت مضامین لکھے گئے جو خدا تعالیٰ کے فضل سے مفید ثابت ہوتے رہے۔ایڈیٹر صاحبان : جن اہل قلم احباب کو ۱۹۸۲ء سے ۱۹۹۹ ء تک ماہنامہ کے ایڈیٹرز کے فرائض سرانجام دینے کی سعادت نصیب ہوئی ان کے اسماء گرامی ذیل میں درج ہیں۔