حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی تعلیم فہم قرآن — Page iv
عرض حال اور تعلیم فہم قرآن کا دوسر ایڈیشن پیارے خدا تعالیٰ کا بے انتہا احسان ہے کہ اُس نے مجھ جیسے ناچیز اور کم علم انسان کو یہ توفیق عطاء فرمائی کہ میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی تمام تحریرات و تقاریر سے عرفان قرآن اور اسالیب فہم قرآن کو اخذ کر کے آپ ہی کے الفاظ میں ان کو ایک ترتیب کیسا تھ پیش کرنے کی سعادت حاصل کروں۔اس عطاء خاص پر خاکسار کا دل اور روح اس کے شکر سے لبریز ہے۔فا الحمد للہ۔الحمد للہ۔الحمد للہ علی ذالک اس کتاب کی تیاری کے دوران میرے ایک صاحب کشف و الہام دوست محترم شیخ رحمت اللہ صاحب مرحوم بتا یا کرتے تھے کہ آپ نے بہت مرتبہ کشف میں دیکھا ہے کہ حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام نے خاکسار کی کتاب اپنے ہاتھ میں اُٹھا رکھی ہے اور ورق پلٹ رہے ہیں اور بہت خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔احمداللہ کہ یہ کشف اس طرح سے پورا ہوا کہ حضرت اقدس کے پانچویں نائب ( یعنی حضرت خلیفہ اسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ) نے اس کتاب کو پسند کیا ہے اور کمال شفقت سے ایک خط میں اس کی تعریف کی ہے۔( جیسا کہ کشف اور رویا میں باری تعالٰی کا یہ دستور ہے کہ کسی نائب ہستی کے مقام پر حقیقی ہستی کو دکھادیا جاتا ہے )۔حضرت اقدس کے الفاظ میں کتاب کا مرتب ہونا اور آپ کے نائب کا اس کو قبول کرنا دو ایسی خوبیاں تھیں جس کی وجہ سے یہ کتاب جماعت میں بہت مقبول ہوئی ہے۔اور اب اس کے دوسرے ایڈیشن کی ضرورت پیش آگئی ہے۔دوسرے ایڈیشن کی ایک ضرورت یہ بھی تھی کہ باوجود احتیاط اور نظر ثانی کے اوّل اشاعت میں کچھ املاء اور حرکات و اعراب کی غلطیاں اصلاح طلب تھیں۔ان اغلاط کی اصلاح کر دی گئی ہے۔اس ایڈیشن میں ایک خوبی یہ بھی ہے کہ اس میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے الہامات و کشوف کا انڈیکس بھی شامل کر دیا گیا ہے۔کتاب کی اصلاح اغلاط کے تعلق میں خاکسارتین عاشقانِ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا بہت شکر گزار ہے۔اول میجر (ریٹائرڈ) سعید احمد صاحب ابن چوہدری محمد بوٹا صاحب مرحوم دوم چوہدری محمد اور میں صاحب ابن چوہدری محمد اسماعیل صاحب دیالگڑی مرحوم مبلغ سلسلہ عالیہ احمدیہ ان دونوں اصحاب نے دوبارہ بہت محنت کر کے کتاب کا متن سے مقابلہ کیا ہے اور حوالہ جات درست کئے ہیں۔اللہ ان کو جزائے خیر دے۔آمین سوم ہمارے پیارے دوست مکرم احسان اللہ صاحب مربی سلسلہ ابن کرامت اللہ خادم صاحب مربی سلسلہ ہیں آپ نے بہت محبت اور محنت سے اصلاح شدہ کتاب کی C۔D تیار کی ہے اور قرآن کریم کی آیات اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے الہامات وکشوف کا تن تنہا انڈیکس تیار کیا ہے۔اللہ تعالیٰ ان کو جزائے خیر دے اور ان کے وقف کو قبول کر کے بہت اعلیٰ نتائج پیدا کرے۔آمین حقیقی تمنا اور دعا تو یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کی جناب میں یہ خدمت قبول ہو۔اور باری تعالیٰ اپنی محبت اور مغفرت میں میرا خاتمہ کرے۔آمین