سلسلہ احمدیہ — Page 429
429 ایک اہم سنگ میل ہیں۔حکومت کی طرف سے ان فسادات پر تحقیق کے لئے تحقیقاتی عدالت بھی قائم کی گئی جس نے اپنے طور پر ان واقعات کی تحقیق کی۔جہاں تک جماعت احمدیہ کا تعلق ہے تو جماعت کی تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ اس کے بعد اللہ تعالیٰ کے فضل سے احمدیت پہلے سے بھی زیادہ تیز رفتاری سے ترقی کرتی رہی اور اس آزمائش سے سرخرو ہو کر نکلی۔لیکن اس شورش نے پاکستان کی مملکت کو جڑوں سے ہلا دیا اور کئی پہلوؤں سے نا قابل تلافی نقصان پہنچایا۔ہم مختصراً ان میں سے چند پہلوں کا ذکر کریں گے۔(۱) پاکستان میں فرقہ واریت کے نام پر فسادات بر پا کرنے کا آغاز ہوا۔جو آگ جماعت احمدیہ کے خلاف بھڑکائی گئی تھی اس سے اللہ تعالیٰ نے جماعت کو تو سلامتی کے ساتھ نکال لیا مگر پاکستان میں مذہب کے نام پر منافرت کا سیاہ باب شروع ہو گیا۔پچاس سال سے زیادہ عرصہ گذر گیا شیعہ سنی فسادات جیسی لعنت نے ملک کا امن برباد کیا ہوا ہے قتل و غارت ، فسادات، نمازیوں کو گولیوں سے چھلنی کر دینا، دھما کے، یہ سب کچھ آج مذہب کے نام پر کیا جا رہا ہے۔(۲) ملک میں مذہب کا نام استعمال کر کے سیاسی فوائد حاصل کرنے کا آغاز ہوا۔افسوس سیاستدانوں نے دولتانہ صاحب کے انجام سے کوئی سبق حاصل نہیں کیا اور مسلسل مذہبی منافرت پھیلا کر سیاسی فوائد حاصل کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔جس سے ملک کا سیاسی اور معاشی ڈھانچہ بری طرح تباہ ہوا ہے۔۳) ان فسادات کے ساتھ مساجد کو دہشت گردی کے اڈوں میں تبدیل کرنے کے مذموم عمل کا آغاز ہوا۔حکومت کی غفلت کی وجہ سے یہ عمل اب اتنا بڑھ چکا ہے کہ پاکستانی حکومت اب اس کے ہاتھوں عاجز آ چکی ہے۔ملک کا امن علیحدہ برباد ہوا ہے اور بہت دفعہ اس طریق کار کو حکومتِ پاکستان کے خلاف استعمال کیا گیا ہے۔اس وجہ سے پوری دنیا میں پاکستان بدنام ہو چکا ہے۔۴) یہ پہلی مرتبہ تھا کہ پاکستان میں انتخابات کی بجائے سڑکوں پر فسادات کرا کے سیاسی اقتدار حاصل کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔اور مطالبات منوانے کے لئے بلوے کرائے گئے۔اس مثال کے قائم ہونے کے بعد ہر چند سالوں کے بعد ملک میں یہ عمل دہرایا جاتا رہا اور اس طرح بار بار ملک کی معاشی زندگی مفلوج ہوتی رہی۔