سیرت صحابہ رسول اللہ ؐ

by Other Authors

Page 78 of 586

سیرت صحابہ رسول اللہ ؐ — Page 78

سیرت صحابہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم 78 حضرت عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ نام و نسب حضرت عثمان بن عفان آپ کا نام عثمان والد کا نام عفان بن ابی العاص بن امیہ اور والدہ کا نام اروی بنت کرویز بن ربیعہ تھا۔آپ کا سلسلہ نسب پانچویں پشت میں آنحضرت ﷺ کے جدامجد عبد مناف سے مل جاتا ہے۔کنیت حضرت رقیہ کے بیٹے عبداللہ کی نسبت سے ابو عبداللہ تھی۔(1) والدہ کی طرف سے رشتہ نبی کریم ﷺ سے نسبتا قریب تر ہے۔لقب ” ذوالنورین‘ اس لیے ہوا کہ نبی کریم ﷺ کی دو صاحبزادیاں حضرت رقیہ اور حضرت ام کلثوم یکے بعد دیگرے آپ کے عقد میں آئیں۔(2) آپ کا خاندان جاہلیت میں غیر معمولی اقتدار رکھتا تھا اور بنوھاشم کے سوا کوئی اس کا ہمسر نہ تھا۔آپ کے جد اعلیٰ امیہ بن عبد شمس قریش کے رؤسا میں سے تھے۔آپ نے بھی عرب کے دستور کے مطابق تجارت سے اپنے ذریعہ معاش کا آغاز کیا۔اور اپنی صداقت و دیانت کے باعث جلد ایک کامیاب تاجر ثابت ہوئے۔قبول اسلام حضرت عثمان کی عمر 34 برس تھی جب انہوں نے رسول اللہ ﷺ کی دعوت کے بارے میں سنا۔بظاہر ان کے لئے یہ پیغام اجنبی تھا۔مگر پاک طبیعت اور فطرت کو اس سچائی سے گہری مناسبت تھی۔پہلے ہی رسول اللہ کے ظہور کی خبر بذریعہ رویا پاچکے تھے۔ایک دفعہ وہ حضرت طلحہ کے ساتھ رسول اللہ کی خدمت میں حاضر ہوئے اور حضور نے قرآن سنا کر اسلامی تعلیم پیش کی تو حضرت عثمان نے دل سے اسے قبول کیا اور یہ بھی اظہار کیا کہ یا رسول اللہ میں حال ہی میں ملک شام سے آیا ہوں۔واپسی پر معان اور زرقاء مقام کے درمیان ہمارا پڑاؤ تھا۔ہم سوئے ہوئے تھے کہ ایک اعلان کرنے والے نے کہا ”اے سونے والو! جا گو کہ احمد مکہ میں ظاہر ہو گیا ہے۔“ حضرت عثمان نے رسول اللہ کے دارار تم میں جانے سے بھی قبل بہت ابتدائی زمانے میں اسلام قبول کر لیا تھا۔(3)