سیرت صحابہ رسول اللہ ؐ

by Other Authors

Page 460 of 586

سیرت صحابہ رسول اللہ ؐ — Page 460

سیرت صحابہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم 460 حضرت ابو ایوب انصاری رضی اللہ عنہ کمان کر رہا تھا وہ عیادت کے لئے حاضر خدمت ہوا اور عرض کی کہ کوئی خواہش؟ آپ نے فرمایا کہ تمام مسلمانوں کو میری طرف سے سلام کہنا۔اور یہ پیغام دینا کہ جب میں مرجاؤں تو میرے جنازہ کو اٹھا کر دشمن کی سرزمین میں جہاں تک لے جا سکتے ہو لے جانا اور وہیں دفن کرنا۔آپ نے اس آخری وقت میں ایک ایسی حدیث بھی سنائی جو ساری عمر کسی کو نہ سنائی تھی جو یہ ہے کہ ”جو شخص اس حالت میں مرے کہ اللہ کے ساتھ شریک نہ ٹھہراتا ہو وہ جنت میں داخل ہوگا۔“ آپ کی وفات ہوئی تو جنازہ اٹھایا گیا اور رات کے وقت دشمن کی سرزمین قسطنطنیہ میں جا کر وصیت کے مطابق دفن کر دیا گیا۔اور دشمن کو تنبیہ کر دی گئی کہ رسول اللہ ﷺ کے صحابی کا مزار ہے۔اس کی ہتک کی جرأت نہ کرنا۔(10) ابن سعد نے لکھا ہے کہ مجھے معلوم ہوا کہ اہل قسطنطنیہ مزار ایوب پر عقیدت کی نظر سے حاضری یتے ہیں اور قحط کے دنوں میں ان کے وسیلہ سے دعا کرتے ہیں تو بارش برستی ہے۔(11) ابوایوب انصاری کا مزار قسطنطنیہ استنبول ( ترکی ) میں آج بھی زیارت گاہ خاص و عام ہے۔راقم الحروف نے بھی 1989ء میں سفر انگلستان سے واپسی پر استنبول میں قیام کے دوران آپ کے مزار پر دعا کی سعادت پائی ہے۔فالحمد للہ