سیرت مسیح موعود علیہ السلام

by Other Authors

Page 424 of 665

سیرت مسیح موعود علیہ السلام — Page 424

سیرت حضرت مسیح موعود علیہ السلام ۴۲۴ یہ تو حضور کی اندرون خانہ زندگی کا ایک ایسا نقشہ ہے جو شمہ از شمائل ہے۔گھر سے باہر کی زندگی کی شان بھی اپنی جگہ کامل اور دلر با ہے۔آپ کی مجلس میں مختلف قسم کے لوگ آتے۔بعض جو آپ کے دعاوی پر ایمان نہیں رکھتے تھے۔جلوت میں ان اخلاق کا نمونہ اور مخالفانہ جوش لے کر آتے اور آپ کی مجلس ہی میں جو منہ میں آتا کہہ دیتے۔خیال تو کریں کہ ایک شخص اپنے خدام اور جان شمار مریدین کے حلقہ میں بیٹھا ہے جو اسے خدا کا برگزیدہ مرسل یقین کرتے ہیں۔اس کی عزت اس کی شان ان کی نظر میں اتنی بلند ہے کہ وہ کسی درجہ کے انسان کو اس کے مقابلہ میں وقعت اور رفعت نہیں دیتے۔ایک شخص آتا ہے اور اس زمرہ اور حلقہ میں بیٹھے ہوئے آقا کی شان میں بعض ناگفتنی باتیں کہہ جاتا ہے۔جن میں عام اور اخلاقی شرافت اور ادب مجلس کا بھی لحاظ نہیں رکھا جاتا۔اگر کوئی دنیا دار آدمی ہوتا۔تو خدا جانے ایسے موقعوں پر وہ خود کیا کر گزرتا۔یا اس کے جان نثار مرید کیا کر دیتے۔اور وہ دونوں ہی اخلاقی حیثیت یا قانونی پیمانہ سے برسر حق ہوتے مگر حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی مجلس میں میں نے اپنی آنکھ سے بعض ایسے مواقع دیکھے ہیں کہ آپ کی مخالفت میں ایک شخص نے جو چاہا کہا۔آپ پورے حوصلہ صبر اور سکون معا وقار سے سنتے رہے ہیں۔اور اس کی بدزبانی اور شوخی کا جواب نہایت محبت اور اخلاص سے دیا ہے اور اپنی قوتِ انتقام اور زبر دست قوت قدسی سے اپنے خدام پر بھی ایسا اثر ڈالا ہے کہ انہیں جوش میں نہیں آنے دیا۔متعدد مرتبہ ایسے واقعات اور حالات پیش آئے کہ جہاں نہایت ہی نرم دل اور مسکین انسان بھی جوش میں آسکتا ہے اور خواہ وہ کچھ بھی نہ کر سکے کم از کم اپنی زبان سے ہی اپنے جذبات کا اظہار کر سکتا ہے۔مگر حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے اپنے عمل سے دکھایا کہ خدا تعالیٰ نے آپ کے قلب کو غضب کی زہر اور انتقامی جوش کے فساد سے بالکل پاک وصاف کر دیا ہے۔