سیرت مسیح موعود علیہ السلام — Page 6
سیرت حضرت مسیح موعود علیہ السلام حصہ اول اس امر کے سمجھ لینے کے بعد کہ حضرت مسیح ابن مریم اَحْمَرُ اللَّون تھے۔اور حضرت مسیح موعود گندم گوں جیسا کہ آں حضرت علیہ نے فرمایا تھا۔اب میں آپ کا حلیہ مبارک بیان کرتا ہوں۔احمدی تو خدا کے فضل سے ہندوستان کے ہر گوشہ میں موجود ہیں بلکہ غیر ممالک میں بھی ہیں مگر ان میں احمد کے دیکھنے والے اور نہ دیکھنے والے احمدیوں میں بھی ایک فرق ہے۔دیکھنے والوں کے دل میں ایک سرور اور لذت اس کے دیدار اور صحبت کی اب تک باقی ہے۔نہ دیکھنے والے بارہا تاسف کرتے پائے گئے کہ ہائے ہم نے جلدی کیوں نہ کی اور کیوں نہ اس محبوب کا اصلی چہرہ اس کی زندگی میں دیکھ لیا تصویر اور اصل میں بہت فرق ہے اور وہ فرق بھی وہی جانتے ہیں جنہوں نے اس کو دیکھا۔میرا دل چاہتا ہے کہ احمد علیہ الصلوۃ والسلام کے حلیہ اور عادات پر کچھ تحریر کروں۔شاید ہمارے وہ دوست جنہوں نے اس ذات بابرکات کو نہیں دیکھا حظ اُٹھاویں۔