صبرو استقامت کے شہزادے

by Other Authors

Page 3 of 20

صبرو استقامت کے شہزادے — Page 3

دیباچہ مجلس خدام الاحمدیہ پاکستان خدام و اطفال کو صحابہ اور بزرگان سلف کی سیرت کے بارے میں آگاہی دلانے کے لیے کتب شائع کر رہی ہے۔زیر نظر کتاب ”صبر و استقامت کے شہزادے“ کے عنوان سے شائع کی جارہی ہے جس میں صحابہ رسول کی ایمان کی خاطر قربانیوں کا تذکرہ ہے۔یہ کتاب پہلی بار 2000ء میں شائع کی گئی تھی۔اب شعبہ اشاعت مجلس خدام الاحمدیہ پاکستان اسے دوبارہ شائع کرنے کی سعادت حاصل کر رہا ہے۔اس کتاب کی تیاری کے سلسلہ میں خاکسار مکرم کا شف عدیل صاحب، مکرم عامر سہیل صاحب اور مکرم سالک احمد صاحب کے تعاون کا ممنون ہے۔فجزاهم الله احسن الجزاء حرف وفا ہمارے آقا و مولیٰ آنحضرت ﷺ نے ہر خلق اور اعلیٰ صفت کو اپنے کمال تک پہنچا دیا۔لیکن آپ کا کمال صرف اتنا نہیں ہے بلکہ آپ نے یہ تمام اعلیٰ اقدار اور مکارم اخلاق اپنے صحابہ کے اندر بھی قائم فرما دیئے اور وہ ہر میدان میں ہر دوسرے نبی کے تابعین سے آگے بڑھ گئے اور یہ رسول کریم ﷺ کی قوت قدسیہ کا ایک زبر دست اعجاز ہے۔دین کی راہ میں مصائب و شدائد کی برداشت اور صبر استقامت کے نمونے تو ہر نبی کے ساتھ ظاہر ہوتے رہے ہیں مگر رسول کریم ﷺ کے متبعین نے آپ کے فیضان تربیت کے نتیجہ میں اس تعلق میں جو نمونے دکھائے ہیں وہ ہر آنے والی نسل کے لئے مشعل راہ ہیں اور آنحضرت ﷺ نے یہ خبر بھی دی تھی کہ دکھوں اور مشکلات اور مصائب کے یہ ادوار آئندہ بھی آئیں گے اور نجات یافتہ وہی ہوں گے جو میرے اور میرے صحابہ کے نقش پا کو چوم کر آگے بڑھیں گے۔پس ان چراغوں کو تو ہمیشہ فروزاں رہنا ہے ان کو کوئی بجھا نہیں سکتا مگر ان کو نظروں کے سامنے رکھنا ہر آنے والی نسل کے لئے ضروری ہے۔اسی نقطہ نظر سے یہ مختصر کتابچہ مرتب کیا گیا ہے۔اللہ تعالیٰ صحابہ کے صدقے اس کوشش کو قبول فرمائے اور ان کی برکات سے ہمیں ہمیشہ متمتع فرما تار ہے۔