سبیل الرّشاد (جلد دوم) — Page 21
21 سبیل الرشاد جلد دوم لذت میں حاصل کروں - وَلَكُمُ فِيهَا مَا تَشْتَهِىَ اَنْفُسُكُمُ ہر وہ خواہش جو تم کرو گے اس دنیا میں بھی اور اس کے بعد اخروی زندگی میں بھی وہ تمہیں دی جائے گی اور جیسا کہ قرآن کریم کی تعلیم ہمیں بتاتی ہے، اس مقام پر پہنچ کر مومن بندہ کے دل میں ہی خواہش پیدا ہوتی ہے کہ خدا تعالیٰ کی رضا مجھے مل جائے۔اور اس کی خواہش اور دلی کیفیت یہ ہوتی ہے کہ اگر اور جب خدا تعالیٰ کی رضا مجھے مل جائے تو اس میں تو اتنی لذت اور اتنا سرور اور اتنا سکون اور اتنا آرام ہے کہ دنیا کے تمام آرام اس کے چھوٹے سے حصہ پر بھی قربان۔یہ ایک ایسا مقام مومن کو ملتا ہے کہ اس کی ہر خواہش پوری ہوتی ہے کیونکہ اس کی ہر خواہش نیک خواہش ہوتی ہے۔وَلَكُمْ فِيهَا مَا تَدَعُونَ جو تمنا بھی تم کرو اور جس کسی چیز کے حصول کا تم ارادہ کرو وہ تمہیں مل جائے گی۔اسی مضمون کی آگے جا کر یوں وضاحت فرمائی - نُزُلًا مِنْ غَفُورٍ رَّحِيمٍ اور یہ بڑا ہی پیارا مضمون ہے اللہ تعالیٰ فرماتا ہے۔یہ سلوک جو تمہارے ساتھ کیا جا رہا ہے۔جس نے تمہاری تمام تکالیف کو یکسر مٹا کے تمام لذتوں کو تمہارے لئے جمع کر دیا ہے۔یہ غفور اور رحیم خدا کی طرف سے بطور مہمان نوازی کے ہے۔اس میں اس طرف اشارہ کیا کہ دنیا کے سارے گھروں کو چھوڑ کر تم نے خدا کے گھر کو پسند کیا۔دنیا کی تمام راہوں کو ترک کر کے ان راہوں پر چلنا تم نے قبول کیا جو بظاہر تنگ تھیں ، جو بظا ہر کھر دری تھیں جو بظاہر تکلیف دہ تھیں مگر تمہیں وہی خدا کی رضا تک پہنچانے والی تھیں۔دنیا کے سارے دروازوں کو تم نے ٹھکرا دیا۔اور خدا کے در پر تم نے دھونی رمائی اور وہاں آ کر بیٹھ گئے۔کیسے ہو سکتا ہے کہ اس شخص کو اللہ تعالیٰ چھوڑ دے۔جس نے اس کی خاطر دنیا کو چھوڑا تھا اور دنیا کے تمام دروازوں کو ٹھکرا دیا تھا۔اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ تم نے میرے در کو باقی تمام دروں پر ترجیح دی اور میرے ہو کر میرے دروازے پر بیٹھ گئے۔اب میری طرف سے ہمیشہ کے لئے تمہارے لئے ایک مہمانی کا سامان پیدا کیا جا رہا ہے۔نُزُلًا مِنْ غَفُورٍ رَّحِيمٍ اور اس مہمانی کا سامان پیدا کرتے ہوئے تمہاری خطاؤں اور غفلتوں پر میں اپنی مغفرت کی چادر ڈال دوں گا۔پس یہ خیال نہ کرنا کہ خدا معلوم ہماری ان کوتاہیوں اور غفلتوں اور سرکشیوں کو معاف بھی کیا جاتا ہے یانہیں۔کیونکہ جب تم میرے ہو گئے تو تمہارے سارے گناہوں اور غفلتوں اور سستیوں پر میری مغفرت کی چادر ڈال دی گئی اور تمہیں معاف کر دیا گیا۔اور چونکہ تم نے بار بار کوشش کی کہ تم میری راہ کو نہ چھوڑو۔اور میرے در سے علیحدہ نہ رہو۔شیطان نے تم پر بار بار حملہ کیا کہ تمہیں گمراہ کر دے۔اور تم نے