جماعت احمدیہ میں قیام خلافت کے بارہ میں الہامات، کشوف و رؤیا اور الٰہی اشارے — Page 567
خلافت خامسه : مبشر رویا ، خواہیں اور الہی اشارے ۷۴ مکرمہ امتہ الحفیظ صاحبہ زوجہ ریاض احمد صاحب ہری پور ہزارہ 567 میں نے اکتوبر 2002ء کو خواب میں دیکھا کہ میں جلسہ گاہ میں مستورات کے ساتھ جلسہ کی کارروائی سن رہی ہوں کہ مجھے سونے کی ایک انگوٹھی جس میں سبز رنگ کے نگینے جڑے ہوئے ہیں ملی ہے۔میں اس انگوٹھی کو سٹیج پر دے آئی تا کہ اس کا اعلان کر دیا جائے اور یہ اپنے اصل مالک کو مل جائے۔کافی دیر تک جب انگوٹھی کا اعلان نہیں ہوا تو مستورات نے مجھ پر شک کرنا شروع کر دیا کہ شاید میں انگوٹھی سٹیج پر دے کر ہی نہیں آئی۔پھر میں دوبارہ سٹیج پرگئی تا کہ اعلان کے بارے میں پوچھوں کہ ابھی تک اعلان کیوں نہیں ہوا؟ جوں ہی سٹیج پر پہنچی تو کیا دیکھتی ہوں کہ صاحبزادہ میاں مسرور احمد صاحب جلسہ کی صدارت فرما رہے ہیں۔آپ نے اپنا چہرہ مبارک میری طرف کیا اور ہاتھ کے اشارے سے کہا کہ اعلان ابھی ہو جائے گا۔اس طرح مجھے صاف طور پر صاحبزادہ میاں مسرور احمد صاحب کا چہرہ مبارک دیکھنا نصیب ہوا جو مجھے آج بھی اچھی طرح یاد ہے۔آپ کے ساتھ لندن بیت الفضل کے امام مکرم عطاء المجیب صاحب بھی کھڑے ہیں اور آپ کو کچھ کا غذات دے رہے ہیں اور آپ ان کا غذات کی ترتیب درست کر رہے ہیں اور جلسہ کی صدارت میں بھی مصروف ہیں۔جس دن صاحبزادہ مرزا مسرور احمد صاحب بطور خلیفہ منتخب ہوئے اور عالمی بیعت لی اور سب کو دعائیں کرنے کا ارشاد فرمایا۔اس دن MTA پر آپ کا چہرہ مبارک اور ساتھ امام بيت الفضل لندن کو کھڑے دیکھ کر مجھ پر لرزہ طاری ہو گیا اور جسم پسینے سے شرابور ہو گیا۔اور میں اپنی خواب کو حرف بحرف پورا ہوتے دیکھ کر اللہ کی شان کی پہلے سے زیادہ قائل ہوگئی کہ خلافت یقینا اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہوتی ہے۔( تاریخ تحریر 9 رنومبر 2005ء)